• news

ریلیف پیکج دینے کا فیصلہ،عوامی تو قعات پر پورا اترنا ہے شہباز شریف


اسلام آباد (خبر نگار خصوصی+ نوائے وقت رپورٹ) وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کو زیادہ سے زیادہ ریلیف فراہم کرنے کا حکم دے دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیراعظم شہباز شریف کی زیر صدارت مسلم لیگ ن کا مشاورتی اجلاس ہوا جس میں مسلم لیگ ن کی قیادت نے حکومت کی جانب سے ریلیف پر توجہ مرکوز کرنے کا فیصلہ کیا۔ دوران اجلاس وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ آئندہ سیاسی اجتماعات میں حکومتی معاشی اقدامات اور ریلیف کو اجاگر کیا جائے۔ وزیراعظم نے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ اتحادی حکومت نے تباہ حال معیشت کو آ کر سنبھالا، عمران خان کی پالیسیاں ملک کو سری لنکا کی سی صورتحال کی طرف لے جارہی تھیں، اتحادی حکومت عوام کو مزید ریلیف دینے کے اقدمات کررہی ہے۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور موجودہ حکومت کے درمیان معاشی اقدامات کے فرق کو اجاگر کیا جائے، ورکرز کنونشن میں حکومتی پالیسیوں کو مثبت انداز میں اجاگر کیا جائے۔ وزیراعظم نے پارٹی قیادت کو ہدایت کی کہ حکومتی معاشی اقدامات اور ریلیف کو اجاگر کیا جائے جبکہ ملک کے دیوالیہ ہونے کے حکومت مخالف بیانیے کی جتنا ہو سکے نفی کریں۔ ذرائع کے مطابق وزیراعظم نے وزراءکو ہدایت کی کہ عوام کو سابق حکومت نے مہنگائی کی چکی میں پیسا، ہم نے انہیں ریلیف دینا ہے۔ وزیر اعظم ہاو¿س میں منعقدہ اہم اجلاس میں وزیراعظم شہباز شریف نے وزراءکو ہدایات جاری کیں۔ وزیراعظم نے نوجوانوں کو روزگار فراہمی پیکیج کی تیاری کے لیے وزارتوں کو ٹاسک دے دیا ہے۔ وزیراعظم شہباز شریف نے ہدایت کی کہ انتہا پسندی، مایوسی اور نفرت سے بچا کر نوجوانوں کو مثبت و تعمیری سرگرمیوں کی طرف لانا ہے، معاشی مشکلات اپنی جگہ لیکن عوام کی توقعات پر پورا اترنا ہے۔ وزیراعظم نے گیس اور بجلی کے بلوں میں بھی ریلیف کے اقدامات تجویز کرنے کی بھی ہدایت کی جبکہ پیکیج کی تیاری کے لیے وسائل کی فراہمی اور ایڈجسٹمنٹ کے لیے وزیر خزانہ کو خصوصی ہدایت دی۔ شہباز شریف نے مزید کہا کہ پی ٹی آئی حکومت اور موجودہ حکومت کے درمیان معاشی اقدامات کے فرق کو اجاگر کیا جائے، ورکرز کنونشن میں حکومتی پالیسیوں کو مثبت انداز میں اجاگر کیا جائے، ملک کے دیوالیہ ہونے کے حکومت مخالف بیانیے کی جتنا ہو سکے نفی کریں۔ قبل ازیں شہباز شریف نے اپنی ٹویٹ میں لکھا کہ برسوں بعد بھی غم ہے کہ بھلایا نہیں جاتا، آج سانحہ آرمی پبلک سکول کے شہداءسے عقیدت اور ان کے لواحقین کا غم بانٹنے کا دن ہے، پاکستانی قوم اپنے شہیدوں کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کرے گی۔ وزیراعظم نے سوشل میڈیا پیغام میں کہا کہ 16دسمبر دہشتگردی کے خلاف پورے پاکستان کے ایک آواز ہونے کا دن ہے، یہ دن پوری دنیا کے لیے پیغام ہے کہ پاکستان نے دہشتگردی کے خاتمے کے لیے عظیم قربانیاں دی ہیں، ہماری یہ جدوجہد جاری ہے جو اس عفریت کے مکمل خاتمے تک اسی آہنی ارادے اور ثابت قدمی سے جاری رہے گی۔ وزیراعظم شہباز شریف نے تحریک انصاف کے خلاف جارحانہ حکمت عملی اپنانے اور حکومتی م¶قف کو سوشل میڈیا پر بھی اجاگر کرنے کی ہدایت کی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ تحریک انصاف حکومت کی کوتاہیوں کو اجاگر کیا جائے گا۔ مزید برآں وزیراعظم شہباز شریف سے مصر کے معروف بزنس مین نجیب ساویرس نے وفد کے ہمراہ ملاقات کی۔ شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان سرمایہ کاری دوست پالیسیوں پر عمل پیرا ہے۔ حکومت بیرونی سرمایہ کاروں کو تمام سہولیات دے گی۔ توانائی، زراعت، سیاحت اور قدرتی وسائل کے شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع موجود ہیں۔ پاکستان میں آئی ٹی، ٹیلی کمیونی کیشن، توانائی اور دیگر شعبوں میں سرمایہ کاری کے مواقع ہیں۔ لیگی رکن امیر مقام بھی وزیراعظم سے ملے۔ وزیراعظم شہباز شریف سے ممبر قومی اسمبلی محسن شاہنواز رانجھا نے بھی ملاقات کی۔

 
وزیراعظم

ای پیپر-دی نیشن