سیاستدان منشور میں معیشت کو الگ رکھیں، عملی مشاورت کریں: حبیب الرحمان زبیری
لاہور( کامرس رپورٹر)تمام سیاسی جماعتیں اپنے منشور میں معیشت کو الگ کر کے سیاسی نعروں کی بجائے عملی مشاورت کر کے سٹڈی رپورٹس تیار کریں ، اگر معیشت کو سیاست سے الگ نہ کیا تو وفاقی وزیر کی یہ بات درست ہونے میں چند سال لگیں جب ہم معاشی طور پر افغانستان سے بھی پیچھے رہ جائیں گے اور ہماری دشمن قوتیں اسی پر سرمایہ کاری کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہار ٹیکس ایجوکیشن اینڈ لرننگ کے چیئرمین قاری حبیب الرحمان زبیری نے ٹیکس بار کے نوجوان ممبران سے ملاقات میں گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی جماعت کی حکومت ہو مخالفین کی جانب سے معیشت پر سیاست نہیں ہونی چاہیے بلکہ معیشت کو چلانے کے لئے سیاسی جماعتوں اورسٹیک ہولڈرز کی اعلیٰ سطحی مشترکہ کوارڈی نیشن کمیٹی ہونی چاہیے ۔یہ انتہائی افسوس کی بات ہے کہ معیشت جو پہلے ہی ہچکولے کھا رہی ہے ایسے میں بھی سیاست چمکائی جارہی ہے جس سے بیرونی سرمایہ کار ، کمرشل بینکس اور دیگر ادارے بھی محتاط ہو گئے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ تجویز ہے کہ سیاسی جماعتیں معیشت کو اپنے منشور سے بالکل الگ رکھیں ، سیاسی جماعتوں کی معاشی ٹیمیں اسٹیک ہولڈرز سے مشاورت کے بعد معیشت کی ترقی کےلئے اسٹڈی رپورٹس تیار کریں اور جو بھی سیاسی جماعت اقتدار میں آئے ان رپورٹس کو پارلیمنٹ میںپیش کر کے ان پر عملدرآمد کیا جائے ۔