پٹرولیم قیمتوں میں کمی اونٹ کے منہ میں زیرہ کے مترادف ہے‘ عمر سرفراز
لاہور ( این این آئی)مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے پٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں کمی کو اونٹ کے منہ میں زیرے کے مترادف قرار دے دیا۔اپنے ایک بیان میں انہوں نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت قوم کے ساتھ مذاق بند کرے، پٹرول کی قیمت 75روپے اضافہ کر کے 10روپے کم کرنا نرا ڈرامہ ہے، عمران خان کے دور حکومت میں عالمی سطح پر برینٹ آئل کی قیمت 113ڈالر تھی، پاکستان میں پٹرول 150روپے فی لیٹر تھا، آج برینٹ آئل کی عالمی قیمت 79ڈالر ہے جبکہ امپورٹڈ حکومت 215روپے فی لیٹر پٹرول دے رہی ہے۔عمر سرفراز چیمہ نے وفاقی حکومت پر تنقید کرتے ہوئے کہا کہ شہباز، زرداری حکومت نے ملکی معیشت تباہ و برباد کر کے رکھ دی ہے، قیامت خیز مہنگائی سے سفید پوش طبقہ کی زندگی اجیرن بن کر رہ گئی ہے۔مشیر داخلہ و اطلاعات پنجاب نے کہا کہ امپورٹڈ حکومت کی نااہلی کی بدولت لاکھوں افراد ملازمت سے ہاتھ دھو بیٹھے ہیں، مسلط ٹولے کی بربادیوں کی بدولت لاکھوں پاکستانی ملک چھوڑ چکے اور لاکھوں ملک چھوڑنے کی کوشش میں ہیں۔
عمرسرفراز چیمہ