• news

عمران ملک میں بے چینی پیدا کرنے کے ایجنڈے پر کام کر رہے: احسن اقبال


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر منصوبہ بندی احسن اقبال نے کہا ہے کہ عمران خان ملک میں بے یقینی قائم رکھنے کے ایجنڈے پر کام کر رہے تھے۔ عمران خان کے وزراءکہتے تھے کہ اﷲ کا شکر ہے حکومت چلی گئی ورنہ پتھر پڑتے۔ وزیراعظم چین جا رہے تھے تو عمران خان نے دھرنے کا اعلان کر دیا۔ ہم سیلاب کی تباہی میں لگے رہے۔ عمران خان امداد روکنے کی کوشش کرتے رہے۔ ہم آئی ایم ایف سے مذاکرات کر رہے تھے‘ عمران خان سبوتاژ کرنے میں لگے رہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ ہماری تجربہ کار ٹیم ہے۔ خان صاحب کے ڈیفالٹ کئے پاکستان کو بچا لیا ہے۔ ایک سوال پر احسن اقبال نے کہا کہ روس سے تیل خریدنے کے معاملے پر وزیر خارجہ بلاول بھٹو اور وزیر پٹرولیم کے بیان میں کوئی تضاد نہیں۔ پاکستان کے مفاد میں جو اچھی ڈیل ملے گی وہ ضرور کریں گے۔ دریں اثناء احسن اقبال کی زیر صدارت سی پیک منصوبوں سے متعلق جائزہ اجلاس ہوا۔ وفاقی وزیر احسن اقبال نے کہا کہ وزیراعظم کے دورہ چین اور 11ویں جے سی سی نے سی پیک میں دوبارہ جان ڈالی ہے ،11ویں جے سی سی میں لئے گئے فیصلوں پر عملدرآمد کی پیشرفت کا جائزہ لیا جائے۔ وفاقی وزیر نے چین میں پاکستانی سفارتخانے کو سی پیک منصوبوں کی پیروی کی بھی ہدایت کی۔ انہوں نے کہا کہ ایک ہزار ایکڑ کے اسلام آباد سپیشل صنعتی زون پر کام کی رفتار کو تیز کیا جائے۔ وفاقی وزیر نے اورنج لائن منصوبے میں بجلی کی بلا تعطل فراہمی کے معاملہ پر کوئی کارروائی نہ ہونے پر متعلقہ اداروں پر برہمی کا اظہار کیا۔
احسن اقبال

ای پیپر-دی نیشن