سانحہ مشرقی پاکستان ذاتی مفادات اور انا پرستی کی وجہ سے ہوا: طاہر اشرفی
لاہور (خصوصی نامہ نگار) چیئرمین پاکستان علماءکونسل و نمائندہ خصوصی وزیر اعظم پاکستان برائے بین المذاہب ہم آہنگی و مشرق وسطیٰ حافظ محمد طاہر محمود اشرفی نے کہا ہے کہ 16 دسمبر ہمیں باہمی اتحاد، اخوت اور محبت کا درس دیتا ہے۔ مشرقی پاکستان کا سانحہ ذاتی مفادات اور انا پرستی کی وجہ سے پیش آیا۔ سانحہ APS نے پوری قوم کو متحد کر دیا۔ سانحہ مشرقی پاکستان میں قربانیاں دینے والے پاک فوج کے شہدائ، غازیوں اور عوام کو سلام پیش کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کسی بھی قوم اور وطن کی بقا اور سلامتی قوم اور فوج اور سلامتی کے اداروں کے باہمی اتحاد سے ہی ممکن ہوتی ہے۔ پاکستان کے خلاف سازشیں کرنے والوں نے مشرقی پاکستان میں قوم اور فوج میں تقسیم پیدا کی جس سے مشرقی پاکستان کا سانحہ پیش آیا۔ اگر اس وقت کی سیاسی و عسکری قیادت باہمی مشاورت و اتحاد سے مسائل کو حل کرنے کی کوشش کرتی اور دشمن کی سازشوں کو سمجھتی تو کبھی بھی پاکستان دو لخت نہ ہوتا۔ انہوں نے کہا کہ سانحہ اے پی ایس نے قوم کو متحد کر دیا تھا اور قوم کی قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردی ختم ہوئی۔ انہوں نے کہا کہ پاک فوج کی مشرقی پاکستان میں قربانیوں اور شہداءاے پی ایس اور ان کے لواحقین کو سلام عقیدت پیش کرتے ہیں۔
طاہر اشرفی