• news

500 کے وی چکوال گرڈ سٹیشن کی تعمیر کیلئے 43.76 ملین یورو فنانسنگ کا معاہدہ 


لاہور(نیوزرپورٹر) نیشنل ٹرانسمیشن اینڈ ڈسپیچ کمپنی نے جرمن بنک (KfW) کے ساتھ 500 کے وی چکوال گرڈ سٹیشن کی تعمیر کےلئے 43.76 ملین یورو فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کیے ہیں۔ اس کے علاوہ 24 لاکھ یورو کی ایک اور گرانٹ کے معاہدے پر بھی دستخط کیے گئے جو جرمن حکومت نے این ٹی ڈی سی میں استعداد کار بڑھانے کےلئے فراہم کیے ہیں۔ فنانسنگ کے معاہدے پر دستخط کی تقریب اقتصادی امور ڈویژن اسلام آباد میں ہوئی جہاں مسٹر سیباسٹین جیکوبی ڈائریکٹر کے ایف ڈبلیو اسلام آباد، ڈاکٹر کاظم نیاز، سیکرٹری (اقتصادی امور ڈویڑن) اور منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے معاہدوں پر دستخط کئے۔500 کے وی گرڈ سٹیشن چکوال کی تعمیر ضلع چکوال میں 715.13 کنال پر محیط اراضی پر کی جائے گی۔ گرڈ سٹیشن کی باو¿نڈری وال کی تعمیر کےلئے کنٹریکٹر کو متحرک کر دیا گیا ہے۔ گرڈ سٹیشن نا صرف بجلی کی بڑھتی ہوئی طلب کو پورا کر کے صنعت کی ترقی میں مددگار ثابت ہو گا بلکہ ضلع چکوال کے آس پاس کے علاقوں بشمول چوآ سیدن شاہ، گوجر خان، ڈنڈوٹ، پننوال، تلہ گنگ، ٹمن، پادشاہان اور چکری میں بجلی کی فراہمی کی پوزیشن کو بھی بہتر بنائے گا۔ اس کے ساتھ ساتھ این ٹی ڈی سی اور آئیسکو کے ترسیلی نظام کو بھی بہتر بنائے گا۔ وولٹیج پروفائل میں بہتری خاص طور پر چکوال میں سیمنٹ انڈسٹری کےلئے فائدہ مند ثابت ہوگی اور اس سے علاقے میں روزگار اور کاروبار کے مواقع پیدا ہونگے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی، انجینئر ڈاکٹر رانا عبدالجبار خان نے این ٹی ڈی سی کے ساتھ ساتھ پاکستان کے دیگر شعبوں میں مسلسل مالی مدد فراہم کرنے پر جرمن بنک کے عہدیداران کا شکریہ ادا کیا۔
چکوال گرڈ اسٹیشن 

ای پیپر-دی نیشن