پاکستان‘ قازقستان میں تجارت کے فروغ کیلئے روابط مزید مضبوط بنانا ہونگے: پرویز اشرف
لاہور (نمائندہ خصوصی) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویزاشرف نے کہا ہے کہ پاکستان اور قازقستان کے درمیان تجارت کے فروغ کیلئے روابط کو مزید مضبوط بنانا ہوگا۔ دونوں ممالک کے درمیان تجارتی تعلقات مستحکم اور سرمایہ کاری سمیت دیگر شعبوں میں باہمی تعاون بڑھانا وقت کی ضرورت ہے۔ قازقستان کے یوم آزادی کے موقع پر ان کی عوام کو مبارکباد پیش کرتا ہوں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے جمعہ کو قازقستان کے لاہور میں اعزازی قونصل خانہ کا افتتاح اور ان کے 31 ویں یوم آزادی کی مناسبت سے تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ سپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ قازقستان پاکستان کا قابل اعتماد دوست ملک ہے اور دونوں ممالک کے عوام ایک دوسرے سے محبت کرتے ہیں۔ وہ ایک دوسرے کی ثقافت کو بھی پسند کرتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ آج مجھے لاہور میں قازقستان کے قونصل خانہ کے افتتاح میں شرکت کرکے نہایت خوشی ہورہی ہے کیونکہ پنجاب کے عوام کو قازقستان میں سرمایہ کاری‘ تجارت کے فروغ سمیت دیگر شعبوں میں معاونت میں آسانی ہوگی۔
پرویز اشرف