سی ٹی ڈی کی لا ہور سمیت کئی اضلاع میں کا رروائیاں ، کا لعدم تنظیموں کے 12دہشت گرد گرفتار
لاہور (نامہ نگار) محکمہ انسداد دہشتگردی نے خفیہ اطلاعات پر کامیاب کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں کے 12دہشتگردوں کو گرفتار کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق لاہور سمیت مختلف اضلاع میں میں دہشت گرردوں کے خلاف کارروائیوں کے دوران کالعدم تنظیموں سے تعلق رکھنے والے 12مشتبہ افراد کو گرفتار کر لیا گیا۔کالعدم تنظیم داعش سے تعلق رکھنے والے محمد عارف کو گرفتار کیا گیا جبکہ دیگر گرفتار ہونے والوں میں ذاکر اللہ، خرم علی، اویس خان، اکمل شہباز، جنت خان، جلات خان، مبینہ دہشت گردوں میں عرفان خان، جاوید خان، بصیر خان ولد دلبر خان، آدم خان اور زاہد خان شامل ہیں۔ دہشت گردوں سے دھماکہ خیز مواد، الیکٹرک سوئچ، ڈیٹونیٹر سیفٹی فیوز اور اسلحہ برآمد ہوا۔ دہشت گردوں کے خلاف سی ٹی ڈی نے لاہور سمیت دیگر اضلاع میں 8 مقدمات کا اندراج کر لیا۔ ترجمان سی ٹی ڈی کے مطابق ایک ہفتے کے دوران انٹیلی جنس بیسڈ 373 آپریشنزکیے گئے، ان کومبنگ آپریشنز کے دوران 17,001 افراد کو چیک کیا گیا، 58مشتبہ افراد کو گرفتار کیا گیا اور 54ایف آئی آر درج کی گئیں، 72بازیابیاں کی گئیں۔ ترجمان کے مطابق سی ٹی ڈی پنجاب نے دہشت گردی کے کسی بھی ناخوشگوار واقعہ سے مؤثر طریقے سے نمٹنے کے لیے صوبہ بھر کے مختلف اضلاع میں 38انٹیلی جنس بیسڈ آپریشنزکیے جس میں 42 مشتبہ افراد سے پوچھ گچھ کی۔ سیفٹی فیوز 11 فٹ، 3 بیٹریاں، 2 پستول 30 بور معہ 21 گولیاں، 01 پستول 9 ایم ایم کے ساتھ 10 گولیاں، کالعدم تنظیم کی3 رسید بک، کالعدم تنظیم کے 19سٹیکرز، 2 موبائل فونز، کالعدم تنظیم کے 48 پمفلٹ، ایک موٹر سائیکل ہنڈا 125 اور نقدی 43,670روپے برآمد کر لیے گئے ہیں۔ دہشت گردوں نے صوبہ بھر میں تخریب کاری کا منصوبہ بنا رکھا تھا اور وہ اہم تنصیبات، دہشتگردانہ کارر وائی اور مذہبی مقامات کو ٹارگٹ کرنا چاہتے تھے۔ مبینہ دہشت گردوں کے خلاف مقدمات درج کر کے ان کو نامعلوم مقام پر منتقل کر دیا گیا ہے۔