چین کا مقابلہ کرنے کیلئے جاپان نے دفاعی بجٹ میں تاریخی اضافے کا فیصلہ کر لیا
ٹوکیو (نوائے وقت رپورٹ) جاپان کے وزیراعظم نے اعلان کیا ہے چین کے سٹریٹیجک چیلنج کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی پالیسی میں نمایاں تبدیلی کی منظوری دے دی ہے۔ عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جاپان کے وزیراعظم فومیو کشیدا نے پریس کانفرنس میں بتایا کہ جاپان کی پارلیمان نے دفاعی پالیسی میں اب تک کی سب سے بڑی تبدیلی کی منظوری دے دی ہے جس میں اخراجات میں نمایاں اضافہ بھی شامل ہے۔ جاپانی وزیراعظم نے یوکرائن کی مثال دیتے ہوئے کہا کہ ہمارے پڑوسی ممالک اور خطے میں جوہری میزائل کی صلاحیتوں میں اضافہ تیزی سے ہوا ہے جس کا مقابلہ کرنے کے لیے دفاعی بجٹ میں بڑی تبدیلی ناگزیر ہوگئی تھی۔ وزیراعظم نے مزید بتایا کہ اس بڑی دفاعی تبدیلی کے تحت 2027ء تک قومی سلامتی کے اخراجات کو جی ڈی پی کا دو فیصد تک بڑھانے، فوجی کمان کو نئی شکل دینے اور دشمن ملک کے دور دراز کے لانچنگ سائٹس کو نشانہ بنانے والے میزائل کی تیار کیے جائیں گے۔