انجلینا جولی اقوام متحدہ میں پناہ گزینوں کی سفیر کے عہدے سے مستعفی
واشنگٹن (نیٹ نیوز) آسکر ایوارڈ یافتہ امریکی اداکارہ نے اقوام متحدہ کی پناہ گزینوں کی سفیر کے عہدے سے استعفیٰ دیدیا۔ وہ 21 سال سے اس عہدے پر خدمات انجام دے رہی تھیں۔ عالمی خبررساں ادارے کے مطابق انجلینا جولی نے اعلان کیا ہے وہ 21 سال تک اقوام متحدہ کے ذیلی ادارے برائے پناہ گزین کیلئے کام کرنے کے بعد سمجھتی ہیں کہ اب وقت آگیا ہے کہ میں ذرا مختلف طریقے سے یہی کام کروں۔ آسکر ایوارڈ یافتہ اداکارہ انجلینا جولی نے کہا کہ اب میں پناہ گزینوں اور مقامی تنظیموں کے ساتھ براہ راست خدمت میں مشغول رہوں گی اور اپنے ملکوں سے دور بے گھر ہونے والوں کے مسائل کے حل کیلئے کام جاری رکھوں گی۔ اداکارہ نے مزید کہا کہ تاہم اقوام متحدہ کے پناہ گزینوں کی خصوصی ایلچی کی حیثیت سے مستعفی ہورہی ہوں۔ انجلینا جولی نے اس دوران 60 سے زیادہ فیلڈ مشن کئے تھے اور پناہ گزینوں کے مسائل کو عالمی سطح پر اجاگر کیا۔