• news

فیول ایڈجسٹمنٹ‘ ڈسکوز کیلئے بجلی 32  پیسے یونٹ سستی کرنے کی منظوری


اسلام آباد (خبر نگار) نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) نے واپڈا کی سابق تقسیم کار کمپنیوں (ڈسکوز) کیلئے اکتوبر کے ماہانہ فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں 32 پیسے فی یونٹ کمی کی منظوری دے دی۔ نیپرا کی جانب سے جاری کردہ نوٹیفکیشن میں کہا گیا ہے کہ سنٹرل پاور پرچیزنگ ایجنسی (سی پی پی اے) نے 25 پیسے فی یونٹ اضافہ کی درخواست کی تھی جس پر اتھارٹی نے 29 نومبر 2022ء کو فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ (ایف سی اے) پر عوامی سماعت کی تھی۔ نیپرا کا کہنا ہے کہ اس سے قبل ستمبر میں فیول چارجز ایڈجسٹمنٹ کی مد میں صارفین سے 8 پیسے فی یونٹ اضافے کے ساتھ چارج کیا گیا تھا۔ جو صرف ایک ماہ کیلئے لاگو ہوا تھا جبکہ اکتوبر کا ایف سی اے ستمبر کی نسبت 40 پیسے فی یونٹ کم چارج کیا جائے گا جس کا اطلاق صرف دسمبر  کے ماہانہ بلوں پر ہو گا۔ نیپرا نے کہا اضافے کا اطلاق ڈسکوز کے تمام صارفین ماسوائے لائف لائن‘ 300 یونٹس تک گھریلو صارفین‘ زرعی صارفین اور الیکٹرک وہیکل چارجنگ سٹیشنز پر ہوگا۔ البتہ کے الیکٹرک صارفین پر بھی بل کا اطلاق نہیں ہو گا۔ کراچی کو بجلی فراہم کرنے والی کمپنی کے الیکٹرک نے بجلی 7 روپے فی یونٹ سستی کرنے کی درخواست کی ہے۔ نومبر کی فیول پرائس ایڈجسٹمنٹ کیلئے نیشنل الیکٹرک پاور ریگولیٹری اتھارٹی (نیپرا) کو درخواستیں موصول ہوئی ہیں۔ کے الیکٹرک اور ڈسکوز کی درخواستوں کی سماعت 27 دسمبر کو  ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن