بلاول سے اظہار یکجہتی، پیپلز پارٹی آج ملک بھر میں ریلیاں نکالے گی
اسلام آباد+لاہور (نمائندہ خصوصی+نامہ نگار) پاکستان پیپلز پارٹی کے سیکرٹری جنرل سید نیئر حسین بخاری نے بھارت میں پاکستان اور وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے خلاف مظاہروں پر ردعمل کا اظہار کرتے ہوئے کہا کہ بلاول بھٹو زرداری کی اقوام متحدہ میں خطاب کے تیر نے مودی کو گھائل کر دیا ہے۔ آج وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری سے اظہار یکجہتی کے لئے ملک بھر میں ریلیاں نکالی جائیں۔ نیئر حسین بخاری نے کہا کہ وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے اقوام متحدہ میں مودی کو آئینہ دکھایا ہے جس سے بھارتی انتہاپسند پارٹی بی جے پی کو آگ لگ گئی ہے۔ پیپلز پارٹی لاہور کے صدر چودھری اسلم گل نے چیئرمین و وزیر خارجہ بلاول بھٹو سے اظہار یک جہتی اور مودی حکومت کے خلاف آج 18دسمبر، اتوار دوپہر 2بجے لاہور پریس کلب کے باہر احتجاجی مظاہرہ کرنے کا اعلان کر دیا ہے۔ جس میں مودی کا پتلا بھی نذر آتش کیا جائے گا۔ اس بات کا فیصلہ گزشتہ روز انہوں نے پارٹی کے ڈسٹرکٹ صدور اور دیگر عہدیداروں سے ملاقات اور ٹیلی فون پر گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ مودی خبردار رہے پاکستانی قوم جاگ رہی ہے۔ ہم تمھیں کشمیر ہڑپ نہیں کرنے دیں گے۔ انہوں نے تمام ڈسٹرکٹ اور زونل تنظیموں کے علاؤہ ذیلی تنظیموں کے عہدیداروں کو مودی حکومت کی فاشسٹ ہتھکنڈوں کیخلاف احتجاج میں بھر پور شرکت کی ہدایت کی۔ پیپلز پارٹی جنوبی پنجاب صدر، سابق گورنر پنجاب سید احمد محمود نے کہا ہے کہ ہم انڈیا میں بی جے پی اور انتہا پسندوں کی جانب سے وزیر خارجہ چئیرمین بلاول بھٹو زرداری کے خلاف مظاہروں کے پرزور مزمت کرتے ہوئے جنوبی پنجاب کے تمام ڈویزنل ڈسٹرکٹ سٹی میں بلاول بھٹو سے اظہار یکجہتی کے لئے کل 19 دسمبر بروز پیر صوبہ بھر میں بلاول بھٹو زرداری زندہ باد ریلیاں نکالیں گے۔