بھارت ملوث ، ہمیں دہشت گردوں کی پنا ہ گا ہیں غتم ، معا ونت کی جڑیں کا ٹنا ہو ں گی : بلاول
اسلام آباد‘ نیویارک (خصوصی نامہ نگار + نوائے وقت رپورٹ + آئی این پی) وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ بھارت دہشتگرد تنظیم کالعدم ٹی ٹی پی کی مالی اور انتظامی معاونت میں ملوث ہے۔ پاکستان مزید دہشتگردی برداشت نہیں کرے گا۔ ہمیں کالعدم ٹی ٹی پی کے خلاف کارروائی کا حق حاصل ہے۔ انہوں نے کہا ہمیں دہشتگردی کی محفوظ پناہ گاہیں ختم اور ان کی مالی معاونت کی جڑیں کاٹنا ہوں گی۔ اقوام متحدہ میں سانحہ آرمی پبلک سکول کے حوالے سے اجلاس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے دوٹوک پیغام میں کہا ہے کہ پاکستان ٹی ٹی پی کی دہشت گردی مزید برداشت نہیں کرے گا۔ پاکستان کے پاس دہشتگرد تنظیموں کو دشمنوں کی مالی معاونت کے شواہد موجود ہیں۔ پاکستان ان کے خلاف کارروائی کا حق رکھتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت ٹی ٹی پی کی مالی اور انتظامی معاونت کر رہا ہے۔ انٹیلی جنس کے پاس ٹھوس شواہد موجود ہیں۔ سابقہ افغان حکومت کے عناصر بھی ملوث ہیں۔ چین اور جی 77 کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ موجودہ عالمی معاشی نظام ترقی پذیر ممالک کے مسائل سے نمٹنے کی صلاحیت نہیں رکھتا۔ ترجمان دفتر خارجہ کے مطابق اقوام متحدہ میں چین اور جی 77 وزارتی کانفرنس سے صدارتی خطاب کرتے ہوئے وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک کو معاشی چیلینجز کا سامنا ہے۔ کم از کم سو ممالک اقتصادی بحران کا شکار ہیں اور ان ممالک میں کروڑوں لوگ بھوک افلاس کی زندگی گزارنے پر مجبور ہیں۔ انہوں نے کہا کہ صدی کی بدترین کساد بازاری غریب ممالک کو متاثر کر رہی ہے۔ صدی کی کساد بازاری نے دہائی کی ترقی کا رستہ موڑ دیا ہے۔ وزیر خارجہ بلاول بھٹو نے کہاکہ بڑھتے ہوئے موسمیاتی سانحات غریب ممالک کو متاثر کر رہے ہیں۔ پاکستان میں حالیہ سیلاب کی تباہ کاریاں اس کی ایک مثال ہیں۔ وزیر خارجہ نے کہا کہ پاکستان کو جی 77 وزرائے خارجہ کا اجلاس چیئر کرنے کا موقع دینے پر شکر گزار ہیں۔ وزیرخارجہ بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ معیشت کے اعتبار سے یہ پاکستان کیلئے مشکل وقت ہے مگر ہم خود کو سنبھالنے کی کوشش کر رہے ہیں۔ امریکی میڈیا سے گفتگو میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ ہم نے پاکستان کے اندر دہشت گردی سے متاثرہ افراد کی آواز یہاں پہنچائی ہے۔ دہشت گردی کے متاثرین اور پاکستان کے عوام سے اظہار یکجہتی کرنے والے ممالک کے شکرگزار ہیں۔ ہم دہشت گردی کا شکار ہیں‘ دہشت گردی کے مرتکب نہیں۔ ہماری پوری قوم دہشت گردی کے خلاف متحد ہے۔ وزیرخارجہ نے کہا کہ نیشنل ایکشن پلان پر عملدرآمد میں ماضی میں جو کوتاہیاں ہوئیں‘ وہ اب نہیں ہونگی۔ پاکستان پیپلز پارٹی اور ہمارا حکومتی اتحاد پرعزم ہے کہ دہشت گردی کا مقابلہ کرنا ہے۔ ہم اپنے وسائل سیلاب متاثرین پر خرچ کر رہے ہیں۔ذرائع کے مطابق وزیر ِخارجہ بلاول بھٹو زرداری 19 سے 21 دسمبر تک واشنگٹن کا دورہ کریں گے۔ جہاں وہ امریکی ہم منصب انٹونی بلنکن سے ملاقات میں دو طرفہ تعلقات، خطے کی سکیورٹی کی صورتحال پر تبادلہ خیال متوقع ہے۔ وزیر ِخارجہ امریکی حکام کو بھارت کے جارحانہ عزائم سے بھی آگاہ کریں گے۔وزیر خارجہ بلاول بھٹو زرداری نے بھارت میں اپنے خلاف احتجاج پر رد عمل میں کہا ہے کہ احتجاج بی جے پی اور آر ایس ایس کا حق ہے۔ کاش بھارت میں مسلمانوں کے حق میں بھی احتجاج ہوتا، نجی ٹی وی سے گفتگو میں بلاول بھٹو نے بھارتی حکومت سے مطالبہ کیا کہ وہ مذہبی انتہاپسندی چھوڑ دے دنیا جانتی ہے بھارتی وزیراعظم کا ماضی کیا تھا۔ احتجاج کر کے تاریخ نہیں بدلی جا سکتی ماضی نہیں لیکن مستقبل بدل سکتے ہیں۔