ریڈیو پاکستان لاہور براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ماتھے کا جھومر :محمد طاہر حسن
لاہور(نامہ نگار)ریڈیو پاکستان لاہور پاکستان براڈ کاسٹنگ کارپوریشن کے ماتھے کا جھومر ہے جس نے علم وادب اور پاکستانی ثقافت کے فروغ میں اہم کردار ادا کیا ہے۔ڈی جی ریڈیو پاکستان محمد طاہر حسن نے ان خیالات کا اظہار ریڈیو پاکستان لاہور کے تمام ذمے داران اور کارکنان کو سٹیشن کی 85ویں سالگرہ پر مبارکباد پیش کرتے ہوے کیا۔انہوں نے کہا 1965ءکی جنگ میں ریڈیو پاکستان لاہور کامثالی کردار دشمن کو بھی ہمیشہ یاد رہے گا۔ اس سٹیشن نے اپنے قیام سے اب تک صرف ایک براڈ کاسٹنگ ہاو¿س کا فریضہ ہی انجام نہیں دیا بلکہ ایک اکادمی کا کردار بھی ادا کیا ہے۔ اس اکادمی نے ادب، ثقافت اور ڈرامہ سمیت متعدد اصناف ادب کی ترویج و ترقی میں ہی بنیادی کردار ادا نہیں کیا بلکہ کردار سازی اور ادارہ سازی کو بھی بنیاد فراہم کی۔ لاہور سٹیشن قد آور فن کاروں اور مصنفوں کا جانشین ہے جنہوں نے روایات قائم کیں۔ ان کے جانشین کی حیثیت سے اس پر ذمے داری عائد ہوتی ہے کہ ان عظیم بزرگوں کی جلائی ہوئی شمع نہ صرف روشن رکھیں بلکہ اس کی لو میں مزید اضافہ بھی کریں۔