پرویز الٰہی نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر دیئے: شیخ رشید
راولپنڈی (اپنے سٹاف رپورٹر سے+ نوائے وقت رپورٹ) عوامی مسلم لیگ کے سربراہ شیخ رشید نے کہا ہے کہ پرویز الٰہی نے اسمبلی توڑنے کی سمری پر دستخط کر دیئے ہیں۔ الیکشن کی تاریخ لینے میں صدرعارف علوی اور وزراء ناکام ہوئے۔ حکومت سے تمام مذاکرات ناکام ہو گئے۔ پنجاب اسمبلی توڑنے کی سمری پر 23 دسمبر درج ہے۔ نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے انہوں نے کہا کہ نواز شریف واپس آئیں اور الیکشن میں حصہ لیں۔ یہ دعویٰ کرتے ہیں کہ نواز شریف واپس آئے گا تو کوئی قلعہ فتح ہو جائے گا۔ عمران خان نے 13 جماعتوں کی سیاست ختم کر دی۔ مسلم لیگ ق کو حصہ دیں گے نہ لیگ کی سیٹیں انہیں دیں گے۔ تحریک انصاف عمران خان کا نام ہے باقی مجھ سمیت سب میرا تھون میں شامل ہیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ آئندہ 24 گھنٹے بہت اہم ہیں۔ صدر علوی کو کوئی کامیابی نہیں ملی، تجارتی صنعتی شعبہ جام ہو گیا۔ عمران خان کو دیوار سے لگانے والے ملک کو دیوار سے نہ لگائیں۔ شیخ رشید احمد نے کہا کہ 560 اراکین قومی و صوبائی اسمبلی کے مستقبل کا فیصلہ عمران خان کریں گے۔ دونوں صوبائی وزرائے اعلیٰ نے عمران خان کو اسمبلیاں توڑنے کا اختیار دے دیا ہے جو عمران خان کو چھوڑے گا وہ اپنے پائوں پر کلہاڑی مارے گا۔
شیخ رشید