پرانے نظام کی رکھوالی کیلئے نئے چوکیدار آگئے‘ عوام کی حالت نہ بدلی: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ اپریل کو ایک حکومت ختم ہوئی۔ پرانے نظام کی رکھوالی کے لیے نئے چوکیدار آ گئے، عوام کی حالت بدلی نہ پالیسیوں کا تسلسل ٹوٹا۔ پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی کے ٹرائیکا نے ملک تباہ کر دیا۔ قوم تعلیم، صحت اور انصاف سے محروم ہے تو انہی حکمران جماعتوں کی وجہ سے ہے۔ معاشی عدم استحکام، مہنگائی اور بے روزگاری کے ذمہ داران بھی یہی سٹیٹس کو کے رکھوالے ہیں۔ جماعت اسلامی قرآن و سنت کے نظام کی علمبردار ہے۔ ہم عوام کے حقوق کے تحفظ کے لیے جدوجہد کر رہے ہیں۔ سودی نظام اور کرپشن سے پاک پاکستان ہماری منزل ہے، قوم آنے والی نسلوں کے مستقبل کو محفوظ بنانے کے لیے آزمائے ہوئے ظالم جاگیرداروں، وڈیروں اور کرپٹ سرمایہ داروں کی بجائے جماعت اسلامی کی اہل اور ایمان دار قیادت کا انتخاب کرے۔ ان شاء اللہ ڈلیور کریں گے اور اسلامی فلاحی پاکستان بنائیں گے۔ وہ کہروڑ پکا میں سابق نائب امیر جماعت اسلامی پنجاب خورشید خان کانجو کی یاد میں تعزیتی ریفرنس سے خطاب کر رہے تھے۔ صدر علماء و مشائخ کونسل میاں مقصود احمد، امیر جماعت اسلامی پنجاب جنوبی رائو محمد ظفر، عبدالرحمن کانجو، امیر ضلع لودھراں ڈاکٹر طاہر، مہتمم جامع العلوم مولانا عبدالرزاق، سعد کانجو اور دیگر قیادت بھی اس موقع پر موجود تھی۔ امیر جماعت نے خورشید کانجو کی دینی و ملک و ملت کے لیے خدمات کو سراہا اور ان کے درجات کی بلندی کے لیے دعا کی۔ سراج الحق نے مطالبہ کیا کہ توشہ خانہ کو سب نے لوٹا، تمام ریکارڈ پبلک کیا جائے۔ الیکشن وقت کی ضرورت ہے۔ جتنی جلدی ہو اس فرسودہ نظام کو رخصت ہونا چاہیے، مگر انتخابات سے قبل انتخابی اصلاحات ضروری ہیں۔ انہی حالات میں الیکشن ہوئے تونتائج کو کوئی تسلیم نہیں کرے گا۔
سراج الحق