• news

پرویز الٰہی کا ہم سے رابطہ‘ نواز شریف جنوری میں آ رہے ہیں: جاوید لطیف


لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی وزیر میاں جاوید لطیف نے کہا ہے کہ اگر عمران خان اپنے باپ کا بیٹا ہے تو وہ اسمبلیاں توڑ کر دکھائے۔ یہ اسمبلیاں اسے پال رہی ہیں، ان طوطوں میں عمران خان کی جان ہے، اسملبیاں ٹوٹنے پر اس کی لگژری زندگی ختم ہو جائے گی۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے ماڈل ٹائون میں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ قبل ازیں میاں جاوید لطیف نے وزیراعظم شہباز شریف کے ساتھ  ملاقات کی۔ ماڈل ٹائون وزیراعظم کی رہائش گاہ پر ہونے والی ملاقات میں ملکی سیاسی صورتحال پر بھی تفصیلی بات چیت ہوئی۔ جاوید لطیف نے کہا کہ2017ء میں پھلتا پھولتا پاکستان تباہ کر دیا گیا، نواز شریف اور مسلم لیگ ن کے پاس اختیار نہیں ہے کہ وہ ملک کو تباہ کرنے والوں کو معاف کر دے۔ ریاستی اداروں میں بیٹھے لوگ اس بربادی میں شریک لوگوں کو کٹہرے میں نہیں لائیں گے تو تباہی کا سلسلہ نہیں رکے گا۔ فیض عام کے فیض سے سہولت کاری کا عملی مظاہرہ دو دن پہلے آپ  نے دیکھ لیا، ایک متنازعہ شخص عمران خان حملہ کیس کی جے آئی ٹی کا سربراہ بنا دیا گیا۔ اس معاملے کی صاف تحقیقات ہونی چاہیئں، آپ کہہ سکتے ہیں کہ پرویز الٰہی ہم سے رابطے میں ہیں۔ نواز شریف جنوری میں وطن واپس آ رہے ہیں، ایک متنازعہ بندے کو جے آئی ٹی کا سربراہ بنا دیا گیا۔ وزیر آباد میں جو واقعہ پیش آیا وہ چھوٹا نہیں بڑا ہے، اس واقعے کی مکمل تحقیقات ہونی چاہئے۔
جاوید لطیف

ای پیپر-دی نیشن