ملک ڈیفالٹ کر چکا، بدنامی کے ڈر سے اعلان نہیں کر رہے:مسرت جمشید
لاہور ( این این آئی) ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا ہے کہ ملک ڈیفالٹ کر چکا، بدنامی کے ڈر سے اعلان نہیں کر رہے، سفارت خانوں کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں، ایک ایٹمی ملک کی اس حالت کی ذمہ دار امپورٹڈ حکومت ہے۔سماجی روابط کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں ترجمان پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ پاکستان کی معاشی حالت ہر دن بگڑتی جا رہی ہے، سیاسی استحکام کے بغیر کوئی بہتری ممکن نہیں، فوری الیکشن ہی واحد حل ہیں۔انہوں نے کہا کہ ملک چلانے والے سب چور ارب پتی ہو گئے اور ملک اربوں ڈالر کا مقروض ہو گیا، شریف خاندان کے اکانٹس میں کروڑوں روپوں کی ٹی ٹیاں آتی رہیں، عدالت کے پوچھنے پر جواب میں یہی کہتے رہے کہ پتہ نہیں، پیسے کہاں سے آ رہے تھے، صوبہ پنجاب، خیبر پختونخوا، کشمیر اور گلگت بلتستان کی رقوم وفاق نے ضبط کر لیں، فارن ریزرو 7 ارب ڈالر سے بھی کم رہ گئے، وہ بھی دوست ممالک کے ہیں، رجیم چینج سے جب عمران خان کو ہٹایا گیا اس وقت خزانے میں 22ارب ڈالر تھے۔مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ ملک ڈیفالٹ کر چکا بدنامی کے ڈر سے اعلان نہیں کر رہے ہیں، سفارت خانوں کے پاس تنخواہوں کے پیسے نہیں، وزیر خارجہ بلاول بھٹو کے دوروں پہ 2 ارب خرچ ہو چکے ہیں، پاکستانی روپیہ ایشیا کی بدترین کرنسی بن چکا ہے، ایک ایٹمی ملک کی اس حالت کی ذمہ دار امپورٹڈ حکومت ہے۔
مسرت چیمہ