مذہبی منافرت پھیلانے والے جے آئی ٹی کو متنازعہ بنا کر فرار اختیار کر رہے ہیں: عمر سرفراز
لاہور (نیوز رپورٹر) وفاقی حکومت کی جانب سے جے آئی ٹی کو متنازعہ بنانے کی کوشش کی گئی۔ جے آئی ٹی مکمل طور پر آئین اور قانون کے مطابق بنائی گئی ہے۔ ان خیالات کا اظہار مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب عمر سرفراز چیمہ نے ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ کے ہمراہ گزشتہ روز ڈی جی پی آر آفس میں موجودہ سیاسی صورتحال کے حوالے سے ایک اہم پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ مشیر داخلہ و اطلاعات حکومت پنجاب عمر چیمہ نے کہا کہ جن لوگوں نے عمران خان کے خلاف مذہبی منافرت کی مہم میں حصہ لیا‘ یہ لوگ جے آئی ٹی کے سامنے پیش ہونے کی بجائے اس کو سیاسی رنگ دے کر راہ فرار اختیار کر رہے ہیں۔ جب بھی عدالت طلب کرتی ہے یا تو بیمار یہ ہوتے ہیں یا اپنے لیڈر کی طرح ملک سے فرار ہو جاتے ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ دوبارہ رانا ثناء اللہ، خواجہ آصف، عظمیٰ بخاری، جاوید لطیف، مولانا فضل الرحمان سمیت 12 کو نوٹسز جاری کئے جا رہے ہیں۔ یہ پیش نہیں ہونگے تو عدالت سے ان کے وارنٹ گرفتاری حاصل کئے جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تسنیم حیدر نے نواز شریف کے عمران خان پر قاتلانہ حملے کی سازش میں ملوث ہونے سے متعلق جو بیان دیا ان تحقیقات کو بھی دیکھا جا رہا ہے۔ عمرسرفراز چیمہ نے کہا کہ عمران خان پر حملہ کرنے والا نہ جنونی ہے نہ کوئی سیاسی و سماجی کارکن ہے، کچھ جماعتیں اس کو مذہبی اور جنونی رنگ دینا چاہ رہی ہیں۔ فرانزک رپورٹ کے مطابق حملہ آور دو یا اس سے زائد تھے، عمران خان پر حملہ ایک سوچا سمجھا پلان اور سازش تھی۔ سازش میں وہ سب شامل ہیں جو عمران خان کے خلاف مذہبی پراپیگنڈا کر رہے تھے۔
عمر سرفراز چیمہ