• news

علامہ اقبال نے تعلیمی ،بہبودی خدمات انجام دیں ، ضیا حیدر رضوی 


 لاہور (لیڈی رپورٹر ) حمایت اسلام ڈگری کالج براے خواتین میں قائداعظم محمد علی جناح اور ڈاکٹر علامہ محمد اقبال کی یاد میں خصوصی تقریب ستائش سے خطاب کرتے ہوئے صدرانجمن حمایت اسلام سیّد ضیا حیدر رضوی نے کہا کہ علامہ اقبال نے برصغیر کے مسلمانوں کے لیے علیحدہ وطن کا تصور دیا، جبکہ قائداعظم محمد علی جناح نے اس تخیل کی عملی تجسیم کی۔ انہوں نے کہاکہ انجمن کو یہ اعزاز حاصل ہے کہ علامہ اقبال نے چالیس برس تک تعلیمی اور بہبودی خدمات انجام دیں اور تین برس صدر بھی رہے، جبکہ قائداعظم انجمن کے اسلامیہ کالج میں سترہ بار تشریف لائے۔ سیکرٹری جنرل میاں محمد منیر نے بین اکلیاتی تقریری مقابلے کی شرکا، ٹیبلو، کلام خوانی کرنے والی طالبات اور اساتذہ کو سراہا۔ سیکرٹری میاں محمد مشتاق پیرزادہ نے کہا کہ جو قوم اپنے اسلاف کو خراجِ عقیدت پیش نہ کرے وہ کبھی ترقی کی راہ پر گامزن نہیں ہو سکتی نئی۔ پود اور آنے والی نسل کی تربیت کے لیے قومی نظریہ یاد دلواتے رہنا ضروری ہے، کیوں کہ مستقبل میں یہی رہنمائی کے منصب پر فائز ہوں گی۔ پرنسپل فوزیہ سعید سلمیٰ نے کہا کہ طالبات اور اساتذہ نے قائد اعظم اور علامہ اقبال سے عقیدت کا اظہار کر کے ارضِ پاک کو سلام پیش کیا ہے۔

 گورنمنٹ پوسٹ گریجوئیٹ کالج کی صدر پروفیسر ڈاکٹر حمیرا ارشاد اور لاہور کالج براے خواتین یونی ورسٹی کی پروفیسر ڈاکٹر شبنم نیاز نے منصفین کے فرائض انجام دیے۔ تقریری مقابلے میں فلک سلیم، ارم فاطمہ اور حفصہ انعامات، جب کہ ٹیبلو ٹی ود اقبال پر لائبہ ذوالفقار، وجیہ ظاہر اور شاذیہ ملک شیلڈز کی حق دار ٹھہریں، منتظمین عاتکہ خان نیازی اور فائزہ حسن کی پیشکش کو قابلِ تحسین قرار دیا گیا۔ آخر میں جسٹس (ر) رستم علی ملک، پروفیسر ڈاکٹر شوکت علی، مرزا خادم حسین جرال، ایس ایم اشفاق اور رفیع رضا کھرل نے انعامات تقسیم کیے۔

ای پیپر-دی نیشن