سقوط ڈھاکہ ملک دشمنوں کی سازشوں کا نتیجہ ہے، ضیاءالدین انصاری
لاہور ( خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی لاہور ضیاءالدین انصاری ایڈوکیٹ نے کہا ہے کہ سقوط ڈھاکہ ملک دشمنوں کی سازشوں کا نتیجہ ہے۔16دسمبر پاکستان کا یوم سیاہ اور یوم محاسبہ ہے۔حکمران سیاستدان سقوط ڈھاکہ اور اے پی ایس سانحات سے سبق سیکھیں ،اگر حکمران اور سیاستدان ایک دوسرے کو نیچا دکھانے کے بجائے دشمنانِ دین و وطن کو زیر کرنے کیلئے سیسہ پلائی ہوئی دیوار بن جائیں، تو بڑے سے بڑا شیطان پاکستان کو نقصان نہیں پہنچا سکتا، مگر بدقسمتی سے حکمرانوں نے سقوط ڈھاکہ سے کوئی سبق حاصل کیا ہے نہ اپنی روش بدلی ہے۔ بنگالیوں کے مینڈیٹ کو تسلیم کرلیا جاتا تو شاید مشرقی پاکستان کی علیحدگی کا سانحہ پیش نہ آتا۔ پوری قوم شہدائے سانحہ سقوطِ ڈھاکہ اور شہدائے اے پی ایس پشاور کو سلام عقیدت پیش کرتی ہے۔ان خیالا ت کا اظہار انہوں نے جے آئی یوتھ لاہور کے زیر اہتمام سانحہ سقوط ڈھاکہ کی مناسبت سے منعقدہ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔