• news

میسی کا خواب پورا:یورپی اجارہ داری ختم،فرانس کو شکست،ارجنٹائن تیسری بار فٹبال کا عالمی چیمپئن


لاہور(سپورٹس رپورٹر)قطر میں فٹبال ورلڈکپ 2022 ءکے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دے کر یورپ کی 16 سالہ اجارہ داری ختم کرتے ہوئے تیسری بار ورلڈکپ جیت لیا۔ 2006 ءسے مسلسل 4 بار یورپی ٹیم نے ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔فائنل کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹائن نے 2-4 سے کامیابی حاصل کی۔قطر کے شہر لوسیل کے سٹیڈیم میں کھیلے گئے فائنل میں ارجنٹائن نے فرانس کو شکست دی،لیونل میسی نے اپنے آخری ورلڈکپ کو یادگار بناتے ہوئے اپنا ادھورا خواب پورا کیا اور ورلڈکپ ٹرافی اپنے نام کرلی۔ارجنٹائن 1978ءاور 1986 ءمیں ورلڈکپ اپنے نام کیا تھا۔ ورلڈ کپ کے فائنل میں پہلے ہاف میں ہی ارجنٹائن نے فرانس کے خلاف دو صفر کی برتری حاصل کرلی تھی، ارجنٹائن کی جانب سے پہلا گول لیونل میسی نے 23 ویں منٹ میں پینالٹی پرکیا جبکہ دوسرا گول ڈی ماریہ نے 36 ویں منٹ میں کیا۔تاہم دوسرے ہاف میں فرانس کے امباپے نے 2 منٹ میں دو گول کرکے میچ میں ارجنٹائن کی برتری ختم کردی، میچ مقررہ وقت تک 2-2 سے برابر رہا۔اضافی وقت میں میسی نے اپنا دوسرا اور ٹیم کا تیسرا گول کرکے ارجنٹائن کو 2-3 کی برتری دلادی لیکن پھر امباپے تیسرا گول کرکے ہیٹ ٹرک کرتے ہوئے ارجنٹائن کی برتری ختم کردی۔اضافی وقت میں بھی میچ 3-3 سے برابر ہوگیا، ورلڈ چیمپئن کا فیصلہ پینالٹی ککس پر ہوا، ارجنٹائن نے 4 جبکہ فرانس نے 2گول کئے۔ارجنٹائن کے لائیونل میسی نے فٹبال ورلڈ کپ کے دوران ہی ریٹائر منٹ کا اعلان کر دیا تھا۔ ارجنٹائن کی فتح کے ساتھ سٹیڈیم نعروں سے گونج اٹھا ۔ ارجنٹائن کے شائقین نے عالمی چیمپئن بننے پر کھلاڑیوں کی حوصلہ افزائی کی اور نعرے بازی کرتے رہے ۔شکست کے بعد فرانسیسی کھلاڑی رونے لگے اور مایوسی کے سائے چھائے گئے ۔ کھلاڑیوں نے ایک دوسرے کو دلاسہ دیا ۔ فتح کیساتھ ہی ارجنٹائن کی عوام بھی سڑکوں پرنکل آئی اور جشن منایا۔ بیونس آئرس میں ڈیاگو میرا ڈونا کے گھرکے باہر شائقین جمع ہوئے اور عالمی چیمپئن بننے کا جشن بنایا ۔ یاد رہے کہ میسی نے 2018ءمیں فلسطینی بچوں کی شہادت پر اسرائیل کے ساتھ میچ کھیلنے سے انکار کر دیا تھا جس کے بعد دوستانہ میچ منسوخ کر دیا گیا تھا۔ 

فٹبال ورلڈ کپ

ای پیپر-دی نیشن