بابر اعظم کو سکیورٹی کلیئر نس نہ ملنے پر ہوٹل سے باہر جانے سے روک دیا گیا ‘کپتان ناراض
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ ٹیم کے کپتان بابر اعظم کو سکیورٹی کلیئرنس نہ ہونے کی وجہ سے ہفتے کی شب ہوٹل سے باہر جاکر ڈنر کرنے سے روک دیا گیا۔ذرائع کے مطابق قومی کرکٹ ٹیم کے چند ممبران نے ہفتے کی شب باہر ڈنر کا پلان بنایا تھا کیونکہ ٹیم ممبران کی موومنٹ پر کوئی قدغن نہیں تھی تاہم پلیئرز ریاستی مہمان کا درجہ رکھنے کی وجہ سے اس بات کے پابند ہیں کہ وہ اپنی موومنٹ کے بارے میں سکیورٹی حکام کو پہلے سے آگاہ کریں تاکہ کلیئرنس حاصل کی جاسکے۔ ٹیم کے چند ممبران نے سکیورٹی کو پہلے آگاہ کیا تھا تاہم بابر اعظم نے بھی انہیں جوائن کرنا چاہا تھا مگر بابر کیلئے پہلے سے نہیں بتایا گیا تھا جس کی وجہ سے ان کی سکیورٹی کلیئرنس نہیں تھی اور اس بنیاد پر سکیورٹی پر مامور اہلکاروں نے انہیں ہوٹل سے باہر جانے سے روکا۔ بابر اعظم کو کہا گیا کہ سکیورٹی کلیئرنس تک ان کو ہوٹل سے نکلنے کی اجازت نہیں دی جاسکتی، سکیورٹی حکام کو کلیئرنس حاصل کرنے میں کچھ وقت لگ گیا جبکہ بابر اس معاملہ کو جلد از جلد نمٹانا چاہتے تھے، تاخیر ہونے پر بابر ناراض ہوکر واپس کمرے میں چلے گئے تھے۔اس دوران ٹیم کے بعض ارکان فیملیز کیساتھ انتظار ہی کرتے رہے ۔ذرائع نے بتایا کہ بابراعظم نے ٹیم کیساتھ سفر کیا مگر سر درد کی وجہ سے وہ تاخیر سے میدان میں اترے تھے۔