پنجاب میں شدید دھند کے باعث موٹروے کئی مقامات سے بند
لاہور‘ مظفر گڑھ (این این آئی‘ اے پی پی) پنجاب کے مختلف علاقوں میں شدید دھند کے باعث موٹر وے کو کئی مقامات سے بند رکھا گیا تاہم مطلع صاف ہونے پر قومی شاہراہ کو مرحلہ وار کھول دیا گیا۔ ترجمان موٹروے پولیس کے مطابق موٹر وے ایم ٹو لاہور سے شیخوپورہ جبکہ لاہور ملتان موٹروے فیض پور سے سمندری تک شدید دھند کے باعث بند رکھی گئی۔ ترجمان موٹروے نے بتایا کہ لاہور سے سیالکوٹ موٹر وے ایم الیون اور شیر شاہ انٹرچینج سے ترنڈہ محمد پناہ تک موٹر وے ایم فائیو کو بھی شدید دھند کے باعث بند رہی۔ دھند چھٹنے پر موٹر وے کو مرحلہ وار آمدورفت کے لئے کھول دیا گیا۔ مظفر گڑھ کے نواحی علاقے چوک گودر میں مسافر ہائی ایس وین اور گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی میں تصادم سے 6 افراد زخمی ہوگئے۔ مظفرگڑھ ڈیرہ غازیخان روڈ پر مظفرگڑھ کے نواحی علاقے چوک گودر میں اسحاق والا پمپ کے نزدیک ایک تیز رفتار مسافر ہائی ایس وین نے دھند اور تیز رفتاری کی وجہ سے گنے سے لدی ٹریکٹر ٹرالی کو عقب سے ٹکر مار دی جس کے نتیجے میں 6 افراد زخمی ہو گئے۔ زخمیوں 34 سالہ عبدالستار،70 سالہ عبدالعزیز، 55 سالہ اختر،20 سالہ نور محمد،22 سالہ وسیم اور 25 سالہ عمران کو ابتدائی طبی امداد فراہم کرنے کے بعد ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال مظفرگڑھ منتقل کر دیا گیا ہے۔
دھند