پی ٹی آئی ارکان قومی اسمبلی کا آج سپیکر کے سامنے پیش ہونے کا امکان
اسلام آباد(نا مہ نگار)پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی)کے ارکان قومی اسمبلی کا آج(منگل کو) اسپیکر کے سامنے پیش ہونے کا امکان ہے، جبکہ اسپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان کے استعفے اکٹھے منظور نہیں ہو سکتے۔پیر کو پی ٹی آئی رہنما شبلی فراز کی استعفوں کی تصدیق سے قبل اسپیکر قومی اسمبلی سے ملاقات ہوئی۔ شبلی فراز نے پی ٹی آئی کے استعفوں سے متعلق پارٹی فیصلے سے اسپیکر کو آگاہ کیا۔ذرائع کے مطابق شبلی فراز نے کہا کہ پی ٹی آئی کے تمام ایم این ایز کے استعفے ایک ساتھ منظور کیے جائیں، جواب میں اسپیکر قومی اسمبلی نے کہا کہ آئین اور قانون کے مطابق فیصلہ کیا جائے گا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر استعفوں کے معاملے کا شکور شاد کے استعفے کے تناظر میں بھی جائزہ لے رہے ہیں، شکور شاد استعفی منظوری کے خلاف عدالت گئے اور اسے دبائو کا نتیجہ قرار دیا تھا۔ذرائع کے مطابق اسپیکر قومی اسمبلی نے جواب دیا کہ پی ٹی آئی ممبران کے استعفے اکٹھے منظور نہیں ہوسکتے، پی ٹی آئی کے متعدد ارکان استعفے نہ منظور کرنے کی درخواست کر چکے ہیں۔اس لیے ہر رکن کو الگ الگ سپیکر کے پاس آکر اپنے اسعفے کی تصدیق کر نا ہو گی،ذرائع کے مطابق اسپیکر نے موقف دیا کہ قانون میں بے خوف ہوکر بغیر کسی دبا ئوکے استعفے دینے کا ذکر ہے۔ذرائع کا کہنا ہے کہ ذاتی حیثیت میں پیش ہو کر ہاتھ سے لکھے استعفے کے بعد اسپیکر کا مطمئن ہونا ضروری ہے۔