• news

میرے خلاف بات تحریک انصاف کے بیانیہ پر تنقید: عثمان بزدار


لاہور (خبرنگار) احتساب عدالت لاہور نے شراب کے غیر قانونی لائسنس جاری کرنے کی تحقیقات میں نیب سے تفصیلی رپورٹ طلب کرتے ہوئے عثمان بزدار کی عبوری ضمانت میں 5 جنوری تک توسیع کر دی۔ احتساب عدالت نے عثمان بزدار کی شراب کے غیر قانونی لائسنس جاری کرنے کی تحقیقات میں عبوری ضمانت کی درخواست پر سماعت کی۔ تفتیشی افسر نے بتایا کہ شراب لائسنس اجراءانکوائری میں عثمان بزدار کی گرفتاری مطلوب نہیں ہے۔ نیب نے عثمان بزدار کے وارنٹ جاری نہیں کئے۔ نیب میں شراب لائسنس اجراءکی انکوائری بند کرنے کی کارروائی جاری ہے۔ عدالت نے استفسار کیا کہ کیا مستقبل میں وارنٹ گرفتاری جاری ہو سکتے، آئندہ سماعت پر تفصیلی رپورٹ پیش کریں۔ علاوہ ازیں عثمان بزدار نے میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے کہا کہ پرویز الٰہی نے کہا کہ سردار عثمان بزدار یار مار ہیں، ساری خرابیوں کے ذمہ دار ہیں۔ ساڑھے تین سال سے زیادہ عرصہ صوبے کی خدمت کی، میرا ضمیر مطمئن ہے، اپنے دور میں صوبے میں ریکارڈ ترقیاتی کام کرائے۔ میرے دور میں بہترین گورنس تھی، کسی کے خلاف کوئی انتقامی کارروائی نہیں کی۔ میں دوستوں کا احترام کرتا ہوں۔ مستقبل میں بھی ساتھ مل کر چلیں گے۔ انہوں نے کہا کہ میرے سینے میں بھی بہت سے راز دفن ہیں لیکن یہ مناسب وقت نہیں، میرا پیغام محبت ہے جہاں تک پہنچے۔ صحافی نے سوال کیا کہ سردار صاحب آپ پیغام محبت دے رہے ہیں لیکن آگے سے پتھر آ رہے ہیں، اف تک نہیں کر رہے۔ جس پر عثمان بزدار نے کہا کہ یہ ہر کسی کے اپنے ظرف کی بات ہے۔
بزدار

ای پیپر-دی نیشن