الیکشن کیلئے تیار،پہلے وزیر اعلیٰ اسمبلی سے اعتماد کا ووٹ لیں:رانا ثنائ
اسلام آباد ( اپنے سٹاف رپورٹر سے +نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ عمران خان کی نالائقی اور کرپشن کی قیمت خیبر پی کے دہشت گردی کی صورت میں ادا کررہا ہے، عمران خان اسمبلیاں توڑنے میں اور دہشت گرد خیبر پی کے کے بے گناہ عوام کو قتل کرنے میں مصروف ہیں۔ وفاقی وزیر داخلہ رانا ثناءاللہ نے پریس کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ عمران خان کے پاس گھڑیاں چوری کرنے کا ٹائم تھا لیکن عوام کو دہشت گردوں سے بچانے کا ٹائم نہیں، خیبرپی کے میں سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی تباہی کا ذمہ دار عمران خان ہے، عمران خان کو وفاق اور اداروں سے لڑنے سے فرصت ملے تو دہشت گردی کے مقابلے پر غور کرے، پی ٹی آئی کی خیبرپی کے میں 9 سال سے حکومت مسلط ہے اور کارکردگی صفر بٹا صفر ہے۔ محکمہ انسداد دہشت گردی خیبرپی کے کے بارے میں قومی اداروں کی رپورٹ چشم کشا اور پریشان کن ہے، لیکن پی ٹی آئی حکومت سوئی ہوئی ہے، ملازمین کی تنخواہ اور پینشن نہ ہی شہداء کیلئے پیسے ہیں، 9 سال میں کے پی کے میں یہ ترقی ہوئی؟۔ رانا ثناءاللہ نے کہا کہ وفاق پر حملے کیلئے بندوقیں اور بندے جمع کرنے والوں نے سی ٹی ڈی ڈیپارٹمنٹ کی مضبوطی کیلئے کچھ نہیں کیا، وفاق نے بھی خیبرپختونخوا کو پولیس اور سی ٹی ڈی کی استعداد کار میں اضافے کی پیشکش کی تھی لیکن آج تک جواب نہیں ملا۔ سی ٹی ڈی خیبرپختونخوا کیلئے کوئی ٹریننگ سکول ہی موجود نہیں۔ رانا ثناءاﷲ نے وزیراعلیٰ پنجاب پرویز الٰہی کے خلاف تحریک عدم اعتماد جمع کرانے پر کہا ہے کہ عمران خان کو ہمارا چیلنج اپنی جگہ برقرار ہے، ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں۔ اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے ضروری ہے کہ وزیراعلیٰ پہلے اعتماد کا ووٹ لیں۔ اسمبلیاں توڑنا غیر جمہوری اور غیر آئینی عمل ہے۔ مستقبل میں ہم سے سوال ہو سکتا تھا کہ آپ نے آپشن استعمال کیوں نہیں کئے؟۔ عمران خان مذاکرات چاہتے ہیں تو اس کا یہ طریقہ نہیں ہے۔ نمبر گیم کے حوالے سے میرا کچھ بھی کہنا قبل ازوقت ہو گا۔ پاگل انسان اپنی انا کی خاطر اسمبلیاں قربان کر رہا ہے۔ پرویز الٰہی کو ساتھ ملانے کے سوال پر کہا کہ سیاست ممکنات کا کھیل ہے۔ سیاست میں سب کچھ ممکن ہے۔ میری لیڈرشپ سیاستدان ہے، ان میں ضد اور پاگل پن نہیں ہے۔ اگر موجودہ صورتحال میں کوئی چیز سود مند ہوئی تو ضرور اختیار کریں گے۔
رانا ثنائ