انگلش ٹیم کو پاکستان میں پہلی بارکلین سویپ کیلئے 55رنز درکار
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) کراچی ٹیسٹ کے تیسرے روز کے اختتام پر میزبان پاکستان کے167 رنز کے ہدف کے جواب میں مہمان انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنزبنالئے اور اسے پاکستان کیخلاف پاکستان میں پہلی بار کلین سویپ کرنے کیلئے مزید 55 رنز درکار ہیں۔نیشنل سٹیڈیم میں کھیلے جا رہے میچ کے تیسرے روز پاکستان نے اپنی دوسری نامکمل اننگز کا آغاز 21 رنز بغیر کسی نقصان سے کیا تو شان مسعود 3 اور عبداللہ شفیق 14 رنز کے ساتھ وکٹ پر موجود تھے اور پاکستان کو انگلینڈ کی پہلی اننگز کی برتری ختم کرنے کیلئے مزید 29 رنز درکار تھے۔پاکستان کا سکور 53 رنز پر پہنچا تو پہلے شان مسعود ریورس سویپ کھیلنے کی کوشش میں لیچ کی گیند پر بولڈ ہو گئے اور پھر اپنا آخری ٹیسٹ کھیلنے والے اظہر علی بھی دوسری ہی گیند پر بولڈ ہو گئے۔ عبداللہ شفیق بھی 26 رنز بنا کر لیچ ہی کی گیند پر ایل بی ڈبلیو ہو گئے۔کپتان بابر اعظم 54 اور سعود شکیل 53 رنز بنا کر آؤٹ ہوئے جب کہ فہیم اشرف صرف ایک رن بنا کر جو روٹ کی گیند پر آؤٹ ہوئے، نعمان علی 15 رنز بنا کر مارک ووڈ کی گیند پر ایل بھی ڈبلیو ہوئے، محمد وسیم جونیئر 2 رنز بنا کر ریحان احمد کی گیند پر کیچ آؤٹ ہوئے پھر آغا سلمان بھی 21 رنز بناکر ریحان کی گیند پر چلتے بنے اور پوری پاکستانی ٹیم اپنی دوسری اننگز میں 216 رنز بنا کر آئوٹ ہوگئی۔انگلینڈ کی جانب سے جیک لیچ نے 3 ، جوروٹ اور مارک ووڈ نے ایک ایک وکٹ حاصل کی جب کہ لیگ اسپنر ریحان احمد نے میچ میں 7 وکٹیں حاصل کیں۔ 167 رنز کے ہدف کے تعاقب میں انگلش بیٹرز نے ٹیسٹ کو ٹی ٹوئنٹی بنالیا اور تیز رفتار بیٹنگ کرتے ہوئے آج ہی میچ ختم کرنیکی کوشش کی تاہم خراب روشنی آڑے آگئی جس کے باعث میچ روک دیا گیا۔تیسرے روز کھیل کے اختتام پر انگلینڈ نے 2 وکٹ پر 112 رنزبنالیے ہیں اور اسے پاکستان کے خلاف پاکستان میں پہلی بار کلین سوئپ کرنے کے لیے مزید 55 رنز درکار ہیں اور اس کی 8 وکٹیں باقی ہیں۔کراچی ٹیسٹ کی پہلی اننگز میں پاکستانی ٹیم 304 رنز بنا کر آؤٹ ہوئی تھی جس کے جواب میں انگلینڈ کی ٹیم نے 354 رنز بنائے تھے اور پاکستان کے خلاف پہلی اننگز میں 50 رنز کی برتری حاصل کی تھی۔تین ٹیسٹ میچوں کی سیریز میں انگلینڈ کو دو صفر کی فیصلہ کن سبقت حاصل ہے۔