اظہر علی کو آخری ٹیسٹ میں آئوٹ ہونے کے بعد کھلاڑیوں کا خراج تحسین
لاہور ( سپورٹس رپورٹر) پاکستان کے مایانہ ناز بلے باز اظہر علی کو کیریئر کے آخری ٹیسٹ میچ میں آئوٹ ہونے کے بعد ٹیم کے بقیہ کھلاڑیوں نے خراج تحسین پیش کیا،کراچی میں کھیلے گئے سیریز کے آخری ٹیسٹ کی دوسری اننگز میں اظہر علی بڑی اننگز کھیلنے میں ناکام رہے اور انگلینڈ کے اسپنر جیک لیچ کی گیند پر صفر پر آئوٹ ہوگئے،اظہر علی کے آئوٹ ہونے کے بعد انگلش ٹیم کے کپتان بین سٹوکس سمیت دیگر کھلاڑیوں نے انہیں الوداع کیا جبکہ قومی ٹیم نے فضا میں بلے لہرا کر اظہر علی کو خراج تحسین بھی پیش کیا۔سابق کپتان اظہر علی نے ٹیسٹ کیریئر میں ویسٹ انڈیز کے خلاف 302رنز کی اننگز بھی کھیلی تھی تاہم انگلینڈ کے خلاف حالیہ ٹیسٹ سیریز کو اپنے لیے وہ یادگار نہ بنا سکے۔