• news

5 ملزم ڈیری فارم میں داخل ہوئے اور فائرنگ شروع کر دی، ملک عبدالغفار اور ملک شہباز موقع پر جاں بحق ہو گئے 


بھکھی (نمائندہ نوائے وقت+ نامہ نگار) بھکھی میں دیرینہ دشمنی کے نتیجہ میں علی الصبح 5 مسلح ملزمان کی فائرنگ سے دو حقیقی بھائی قتل جبکہ ان کا ملازم شدید زخمی ہو گیا ہے۔ ملزمان ہوائی فائرنگ کرتے ہوئے فرار ہو گئے۔ اطلاع پاکر مقامی پولیس موقع پر پہنچ گئی اور نعشوں کو قبضہ میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لئے ڈسٹرکٹ ہسپتال منتقل کردیا۔ اور ملزمان کے خلاف مقدمہ درج کر لیا گیا ہے۔ بتایا گیا ہے کہ 43سال قبل ملزمان کا نانا قتل ہو گیا تھا جس کا الزام مقتولین پر لگا جو کہ بعد میں اس الزام سے باعزت بری ہوگئے تھے جبکہ ملزمان کو ابھی تک اس کا رنج تھا جس پر گزشتہ روز علی الصبح موٹرسائیکلز سوار مسلح ملزمان جن میں ہیرا گجر، رمضان عرف جانو، بابر گجر، عرفان شریف گجر، عمران شریف، مقتول ملک غفار کے ڈیری فارم میں داخل ہوئے اور آتے ہی فائرنگ شروع کردی جس کے نتیجہ میں ملک عبدالغفار ککے زئی اور اس کا حقیقی بھائی ملک شہباز ککے زئی موقع پر جاں بحق ہوگئے اور ان کا ایک ملازم فائر لگنے سے شدید زخمی ہو گیا۔ جبکہ مقتولین کے تیسرے بھائی عبدالستار نے بھاگ کر اپنی جان بچائی۔ مقتولین کی طرف سے کرائی گئی ایف آئی آر میں سابقہ یو سی ناظم بھکھی چوہدری محمد عارف گجر کو مشورہ کے الزام میں نامزد کیا گیا ہے۔
بھکھی ، قتل

ای پیپر-دی نیشن