فرسودہ نظام اور اس کے چوکیداروںکو رخصت کرنا ہوگا: سراج الحق
لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے پی ڈی ایم ، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی اسٹیبلشمنٹ کی طرف دیکھ رہی ہیں۔ ان کے نظریات ایک جیسے مفادات میں ٹکراو¿ ہے، تینوں اطراف کی سیاسی ڈرامہ بازیوں سے لوگ اکتا گئے۔ تخریبی سیاست نے ملک کا ہرشعبہ تباہ کر دیا، معیشت کی تباہی اور مسائل کا ذمہ دار اقتدار پر براجمان طبقہ ہے۔ مرکزی و صوبائی حکومتیں خرابی کا ملبہ ایک دوسرے پر ڈال رہی ہیں حالانکہ سب شریک جرم ہیں، عوام نے انہیں پہچان لیا۔ ظالم جاگیرداروں اور کرپٹ سرمایہ داروں نے اقتصادیات اور معاشرت تباہ کر کے ملک کو بند گلی میں دھکیل دیا۔ مسائل کا حل اسلامی نظام ہے۔ عدل وانصاف کی حکمرانی اور کرپشن فری کلین گرین پاکستان کی تعمیر کے لیے قوم جماعت اسلامی کا ساتھ دے۔ دین آئے گا تو امن اور خوشحالی آئے گی۔ وہ منصورہ میں مختلف وفود سے گفتگو کر رہے تھے۔ سراج الحق نے کہا ملک کی بڑی صنعتوں کی پیداوار میں مسلسل دوماہ سے کمی ہوئی ہے۔ ڈالر بلیک میں ڈھائی سو روپے سے اوپر، انٹر بنک اور اوپن مارکیٹ ریٹس میں واضح فرق ، ملک میں ایک اور مافیا ڈالر مافیا کی صورت پیدا ہو گیا ہے۔ کرنسی بحران کے خطرہ کے پیش نظر لاہور جیسے شہر میں مسلسل دو روز اے ٹی ایم بند رہے، آٹا 130 روپے کلو فروخت ہو رہا ہے۔ روٹی اور نان کی قیمتیں بیس سے پچیس روپے تک پہنچ گئیں۔ نوجوانوں کے لیے روزگار کے دروازے بند ہیں، مہنگائی کے جن نے غریب اور سفید پوش طبقہ کی نیندیں اڑا دیں۔ کسان مزدور دیہاڑی دار، سرکاری ملازم سب پریشان ہیں۔ حالات کی وجہ سے ملک کا ہر پانچواں شہری ڈپریشن کا شکار ہے۔ فرسودہ نظام اور اس کے چوکیداروں کو رخصت کرنا ہو گا۔
سراج الحق