اسرائیل نے انسانی حقوق کے فلسطینی وکیل کو ملک بدر کر دیا
تل ابیب (این این آئی )اسرائیل نے انسانی حقوق کے فلسطینی نژاد فرانسیسی وکیل صلاح حموری کو ملک بدر کر دیا جو رواں برس مارچ سے سکیورٹی جرائم کے الزام میں اسرائیلی جیلوں میں بغیر کسی فرد جرم کے قید تھے۔رپورٹ کے مطابق صلاح حموری کو ملک بدر کیے جانے پر پیرس کی جانب سے مذمت کی گئی۔اسرائیل سے بے دخلی کے بعد صلاح حموری گزشتہ روز صبح پیرس ایئرپورٹ پہنچے جہاں ان کا استقبال ان کی اہلیہ ایلسا، سیاست دانوں، این جی اوز کے نمائندوں اور مسئلہ فلسطینی کے حامیوں نے کیا۔37 سالہ صلاح حموری کو اسرائیل میں انتظامی حراست میں رکھا گیا تھا، یہ ایک متنازعہ طریقہ کار ہے جس کے تحت مشتبہ افراد کو 6 ماہ تک کی قابل تجدید مدت کے لیے حراست میں رکھا جا سکتا ہے۔ایئرپورٹ پر گفتگو کرتے ہوئے صلاح حموری نے کہا کہ میں نے مقام تبدیل کر لیا ہے لیکن لڑائی جاری رہے گی، مجھ پر مسئلہ فلسطین اور لوگوں کی ایک بہت بڑی ذمہ داری ہے، ہم فلسطین کو نہیں چھوڑ سکتے، مزاحمت ہمارا حق ہے۔
فلسطینی وکیل ملک بدر