• news

توشہ خانہ کیس میں عمران نہیں باقی تمام چور نااہل ہونگے: مسرت جمشید 


لاہور (نیوز رپورٹر) عمران خان کے خلاف توشہ خانہ کیس پر پراپیگنڈا کرنے والوں سے عدالت نے تمام ریکارڈ طلب کیا ہے جسے وفاقی حکومت نے خفیہ قرار دیا۔ توشہ خانہ کا سارا ریکارڈ پبلک کیا جائے اور عدلیہ کے سامنے رکھا جائے۔ یہ چور صبح، دوپہر، شام گھڑی گھڑی کی رٹ لگاتے ہیں۔ عمران خان نے قانونی طریقے سے قیمت ادا کر کے توشہ خانہ سے تحائف لیے اور گھڑی کو بیچا تو اس کو اپنے اثاثوں میں ظاہر کیا۔ نواز شریف، شہباز شریف، زرداری اور گیلانی نے کیا توشہ خانے کے تحائف ڈکلیئر کئے۔؟ اب آپ کا رسیدیں نکالنے کا وقت ہوا چاہتا ہے۔ اثاثے ظاہر نہ کرنے پر لوگ نا اہل ہوئے ہیں۔ اگر کوئی توشہ خانہ کیس میں نااہل ہو گا تو یہ سارے چور ہونگے عمران خان نہیں۔ یہ بات ترجمان وزیر اعلیٰ و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ نے صوبائی مشیر برائے انسداد بدعنوانی بریگیڈیئر (ر) مصدق عباسی کے ہمراہ ڈی جی پی آر آفس میں پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے کہی۔ انہوں نے کہا پاکستان واحد ملک ہے جس میں کرپشن کو قانونی تحفظ دیا گیا۔ جب ہماری حکومت تھی اس وقت بھی احتساب نہیں ہونے دیا گیا۔ مسرت جمشید چیمہ نے کہا کہ 23 دسمبر کو اسمبلیاں تحلیل کرنے کا فیصلہ پاکستان کے مفاد میں کیا ہے۔ ق لیگ اتحادی ہے اور رہے گی۔ وزیر اعلیٰ کے بیان کے بعد مونس الہیٰ کے ساتھ زمان پارک میں بہت اچھے ماحول میں میٹنگ ہوئی۔ پرویز الہٰی ہمارے بزرگ اور اتحادی ہیں۔
مسرت جمشید

ای پیپر-دی نیشن