ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں پلانٹ پروٹیکشن کانفرنس 3جنوری کو ہوگی
لاہور (سپیشل رپورٹر) ایم این ایس زرعی یونیورسٹی میں انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن کے زیر اہتمام دو روزہ انٹرنیشنل کانفرنس برائے پلانٹ پروٹیکشن کا انعقادتین جنوری کو کیا جائےگا۔ کانفرنس تحفظ نباتات کےلئے نئی اختراعات اور پیشرفت کے بارے میں بصیرت فراہم کرےگی،جس کا مقصد پودوں کی کیڑے مکوڑوں، پودوں کے پیتھوجنز اور جڑی بوٹیوں کے حملہ سے حفاظت کرنا ہے۔ نوائے وقت سے گفتگو کرتے ہوئے ترجمان زرعی یونیورسٹی ریاض احمد ہراج نے مزید بتایا کہ یہ کانفرنس دنیا بھر کے طلباء، ماہرین تعلیم اور صنعتکاروں کے تجربات کے نتائج اور حالیہ تحقیق کا ایک بہترین فورم ثابت ہو گا۔ یہ فورم سٹیک ہولڈرز جیسے سائنسدانوں، محققین، پالیسی ساز، سول سوسائٹی اور کسانوں کے درمیان اپنے تجربات اور خیالات کے اظہار کا موقع مہیا کرےگا۔ پودے ہی دنیا میں خوراک کا سب سے بڑا ذریعہ ہیں، کیڑے مکوڑوں، بیماریوں، جڑی بوٹیوں اور مختلف عوامل سے متاثر ہوتے ہیں۔ یہ عوامل دنیا میں خوراک کی پیداوار کو کم کر رہے ہیں۔ فصلوں کے تحفظ کی پوری کامیابی صرف ان مسائل کو حل کرنے کے معیاری زرعی طریقوں کو وضع کرنے اور مفید استعمال پر منحصر ہے۔
انسٹی ٹیوٹ آف پلانٹ پروٹیکشن فرنٹ لائن آرمی ہے جو اپنے اختراعی خیالات اور تحقیقی منصوبوں کے ساتھ کسانوں کی جدوجہد میں شامل اور متحرک ہے۔اس کانفرنس کو چار اہم موضوعات کے تحت منعقد کیا جائے گا جن میں کیڑے مکوڑوں کا انسداد، پودوں کی بیماری کی تشخیص اور کنٹرول جڑی بوٹیوں کا تدارک اورپودوں کے تحفظ کے لیے بائیو ٹیکنالوجی اور جدید زراعت کے اصول شامل ہیں۔ ہر سال اس کانفرنس میں ملک اور بیرون ملک سے دو سو سے زائد مقالے شامل ہوتے ہیں اور کم وبیش پندرہ ممالک سے جید محققین اس کانفرنس کا حصہ بنیں گے۔