وزیر اعظم کو سمری وصول ‘چیئرمین پی سی بی کی کسی بھی وقت چھٹی کا امکان
لاہور(سپورٹس رپورٹر)پاکستان کرکٹ بورڈ میں بڑی تبدیلیوں کی توقع ہے اور پی سی بی کے چیئرمین رمیز راجہ کو کسی بھی وقت عہدے سے ہٹایا جا سکتا ہے۔ پی سی بی کے سرپرست اعلیٰ وزیراعظم شہباز شریف کو اس حوالے سے آئی پی سی سے سمری موصول ہو چکی، اس پر رواں ہفتے ہی دستخط کا امکان ہے، رمیز راجہ کی جگہ نجم سیٹھی چیئرمین بننے کیلئے تیار ہیں۔ذرائع نے بتایا کہ نئے سربراہ جب عہدہ سنبھالیں گے تو کئی افسران کو بھی فارغ کیا جانا یقینی ہے۔ اگر 2014 کا آئین بحال ہوا تو اس میں چیف ایگزیکٹیو کا عہدہ ہی موجود نہیں ہے، ایسے میں فیصل کو سی او او بنایا جا سکتا ہے۔ ڈائریکٹر میڈیا سمیع الحسن برنی، ڈائریکٹر ہائی پرفارمنس ندیم خان، ڈائریکٹر انٹرنیشنل کرکٹ ذاکر خان سمیت کئی دیگر افسران کے عہدے خطرے میں ہیں۔ اس سلسلے میں کئی افسران نے متوقع چیئرمین نجم سیٹھی سے رابطہ کر کے اپنی پوزیشنز بچانے کی کوشش شروع کر دی ہیں۔ دوسری جانب رمیز راجہ بھی عہدے سے ہٹائے جانے پر قانونی جنگ کا آپشن استعمال کرنے کا سوچ رہے ہیں۔