• news

رمیز راجہ کی چھٹی‘ وزیر اعظم نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پی سی بی مقرر کردیا


لاہور (سپورٹس رپورٹر) وزیراعظم پاکستان اور پاکستان کرکٹ بورڈ کے پیٹرن ان چیف شہباز شریف نے کرکٹ بورڈ کے معاملات چلانے کیلئے 14 رکنی کمیٹی قائم کردی۔ 14 رکنی کمیٹی کے نام وفاقی کابینہ کے سامنے پیش کئے جائیں گے، کمیٹی کے قیام کی حتمی منظوری وفاقی کابینہ دے گی اور کابینہ کی منظوری کے ساتھ ہی رمیز راجہ کی سربراہی میں کام کرنے والا کرکٹ بورڈ غیر فعال ہو جائے گا۔ کمیٹی کی سربراہی نجم سیٹھی کریں گے اور یہ کمیٹی 120 دن تک پی سی بی کے معاملات چلائے گی، اس دوران اس کی ذمہ داریوں میں پی سی بی کا 2014 کا آئین بحال کرنا اور کرکٹ بورڈ کے الیکشن کروانا بھی شامل ہو گا۔ کمیٹی ارکان میں شکیل شیخ، گل زادہ، نعمان بٹ، ہارون رشید، ثناء میر، تنویر احمد، گل محمد کاکڑ اور ایاز بٹ شامل ہیں۔ کمیٹی میں شاہد آفریدی، ایزد سید، شفقت رانا، مصطفے رمدے اور چوہدری عارف سعید بھی شامل ہیں۔ خیال رہے کہ وزیراعظم شہباز شریف نے رمیز راجہ کو عہدے سے ہٹاتے ہوئے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کی منظوری دی ہے۔ وزیراعظم کی طرف سے پی سی بی کے معاملات چلانے کیلئے تشکیل دیدی گئی۔ کمیٹی سے متعلق وزارت بین الصوبائی رابطہ کو خط لکھ دیا گیا ہے۔ یاد رہے کہ چند روز قبل نجم سیٹھی نے وزیراعظم شہباز شریف سے ملاقات کی تھی جس میں شہباز شریف نے نجم سیٹھی کو چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈ بنانے کا فیصلہ کیا تھا۔ آئین میں تبدیلی کے بعد سلیکشن کمیٹی بھی تبدیل ہو جائے گی۔ دورہ نیوزی لینڈ کی سلیکشن کمیٹی کیلئے فوری طور پر عبوری سلیکشن کمیٹی بھی بنائی جائے گی‘ عبوری سلیکشن کمیٹی کھلاڑیوں کا اعلان کرے گی۔ کمیٹی میں چار بڑے نامور کرکٹرز کو شامل کیا گیا ہے۔ ذرائع کے مطابق نجم سیٹھی کے چارج سنبھالنے کے بعد اہم عہدوں پر موجود افسروں کی اکثریت کا مستقبل بھی خطرے میں ہوگا۔ 

ای پیپر-دی نیشن