• news

آ ئی ایم ایف شرط،شعبہ گیس کا گردشی قرض ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم،ایف بی آر زیادہ ٹیکس جمع کرے:وزیر خزانہ


اسلام آباد (نمائندہ خصوصی‘ نوائے وقت رپورٹ) وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرط پر شعبہ گیس کا گردشی قرض ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی ہے۔ دوسری طرف وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے کہا ہے کہ معاشی صورتحال کے پیش نظر ایف بی آر زیادہ ٹیکس جمع کرے۔ ادھر ای سی سی اجلاس میں ماہی گیروں اور محکمہ صحت کیلئے ایک ارب روپے سے زائد کی گرانٹ منظور کر لی ہے۔ وزارت خزانہ نے آئی ایم ایف کی شرائط پر گیس سیکٹر کا 1400 ارب گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے کمیٹی قائم کر دی۔ وزیرخزانہ اسحاق ڈار نے اشفاق تولہ کی کنوینر شپ میں کمیٹی قائم کی۔ اجلاس روزانہ کی بنیاد پر ہوگا۔ کمیٹی 10 روز میں رپورٹ جمع کرائے گی۔ اعلامیہ کے مطابق کمیٹی 30 جون 2022ءتک گیس شعبے کے گردشی قرضہ کا جائزہ لے گی۔ گردشی قرضہ ختم کرنے کیلئے قانونی سفارشات کا بھی جائزہ لیا جائے گا۔ وزیرخزانہ نے کہا کہ ایف بی آر معاشی صورتحال کو دیکھتے ہوئے مزید ٹیکس جمع کرے۔ اسحاق ڈار نے ایف بی آر ہیڈ کوارٹرز میں ایف بی آر کی ریونیو کارکردگی سے متعلق اجلاس کی صدارت کی۔ چیئرمین ایف بی آر عاصم احمد نے وزیر خزانہ کا ایف بی آر میں خیرمقدم کیا اور نومبر اور دسمبر 2022ءکے مہینوں کے ریونیو اہداف اور ایف بی آر کی کارکردگی کے بارے میں تفصیلی پریزنٹیشن دی۔ انہوں نے وزیر کو آگاہ کیا کہ ایف بی آر نے نومبر تک ریونیو اکٹھا کرنے کے اہداف کو عبور کر لیا ہے اور امید ظاہر کی کہ مالی سال 2022-23 کے بقیہ مہینوں میں اپنے اہداف کو کامیابی سے پورا کرلیا جائے گا۔ جس پر وزیر خزانہ نے اطمینان کا اظہار کیا اور اہداف کے حصول میں ایف بی آر کی ٹیم کی کوششوں کو سراہا۔ ادھرکابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کا اجلاس بدھ کو یہاں وزارت خزانہ میں وزیرخزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار کی زیرصدارت منعقد ہوا۔ اجلاس میں مارگلہ بلاک میں میسرز ایم او ایل کے 30 فیصد ورکنگ انٹرسٹ میسرز ماڑی پٹرولیم کو دینے کی منظوری دیدی گئی۔ اجلاس میں گوادر پورٹ اتھارٹی کیلئے 822.75 ملین روپے کے تنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ یہ گرانٹ بلوچستان فشریز ڈیپارٹمنٹ کے پاس رجسٹرڈ ماہی گیروں کیلئے بوٹ انجنز کی خریداری پرصرف ہوگی۔ ای سی سی کے اجلاس میں وزارت قومی صحت خدمات کیلئے 200 ملین روپے کے تکنیکی ضمنی گرانٹ کی منظوری دی گئی۔ اجلاس میں کویت سے کریڈٹ سہولت کے حوالہ سے سمری کو موخر کردیا گیا۔ وفاقی وزیر خزانہ اور ریونیو سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے پاکستان سافٹ ویئر ہاﺅسز ایسوسی ایشن برائے آئی ٹی اور آئی ٹی ای ایس کے وفد کے ساتھ ہونے والے اجلاس کی صدارت کیا۔ وزیر خزانہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار نے کہا کہ حکومت آئی ٹی کے بڑھتے ہوئے شعبے کو زیادہ سے زیادہ معاونت اور سہولت فراہم کرے گی۔ گزشتہ روز اسحاق ڈار سے پاکستان میں چین کے سفیر نونگ رونگ نے ملاقات کی ہے۔ بدھ کو وزارت خزانہ سے جاری بیان کے مطابق ملاقات میں پاکستان اور چین کے درمیان اقتصادی اور مالیاتی شعبوں میں دوطرفہ تعاون کو فروغ دینے کے طریقوں پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
گردشی قرض/ ڈار

ای پیپر-دی نیشن