ڈسکہ ضمنی انتخابات،دھاندلی میں ملوث افسروں کیخلاف الیکشن کمشن کی کارروائی کالعدم
لاہور (سپیشل رپورٹر) لاہور ہائیکورٹ کے جسٹس شجاعت علی خان نے ڈسکہ انتخابات میں دھاندلی میں ملوث افسران کے خلاف الیکشن کمشن کی کارروائی کالعدم قرار دے دی ہے۔ عدالت نے اس وقت کے ڈپٹی کمشنر سیالکوٹ سمیت دیگر کے خلاف جاری کارروائی کو کالعدم قرار دے دیا ہے۔ عدالت نے 25 نومبر 2022 کو محفوظ کیا گیا فیصلہ سنا دیا ہے۔ عدالت نے الیکشن کمشن کی کارروائی کے خلاف دائر تمام درخواستیں منظور کرلیں۔ افسران کے خلاف مس کنڈکٹ پر متعلقہ محکموں کے افسران کارروائی کرسکتے تھے۔ حلقے میں الیکشن ہونے کے بعد متعلقہ افسران الیکشن کمیشن کے آفیشلز نہیں رہتے ہیں۔ الیکشن کمیشن کے پاس متعلقہ افسران کے خلاف کارروائی کرنے کا اختیار نہیں ہے۔ الیکشن کمیشن سمجھے کہ ان افسران کا عمل غیر قانونی تھا تو متعلقہ محکموں کو کارروائی کا کہہ سکتا ہے۔ الیکشن کمیشن نے ڈسکہ ضمنی الیکشن میں دھاندلی پر افسران کے خلاف کارروائی شروع کی تھی۔ درخواست گزاران سابق ڈی سی سیالکوٹ سمیت دیگر افسران نے الیکشن کمیشن کی کارروائی کو عدالت میں چیلنج کیا تھا۔