• news

عمران خان سے سابق صدور چیمبر آف کامرس کی ملاقات 


گجرات ( نامہ نگار )ہمارے دورِ حکومت میں ہم نے پراپرٹی انڈسٹری کو جو ایمنسٹی دی تھی اگر ہم وہی ایمنسٹی SME سیکٹر کو دیتے تو اس ملک اور بزنس کمیونٹی کو زیادہ فائدہ ہوناتھا۔ یہ ہماری غلطی تھی ۔ ہمارا دورِ حکومت ایک مثالی تھا۔ ان خیالات کا اظہار سابق وزیراعظم عمران خان نے زمان پارک لاہور میں سابق صدر گجرات چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری چوہدری وحید الدین سے خصوصی ملاقات میں کیا۔ انہوں نے کہا کہ پورے ملک میں امپورٹ ایکسپورٹ کے حوالے سے انڈسٹری کو مشکلات کا سامنا ہے۔ گجرات کی فین، پارٹی اور دیگر انڈسٹری دن بدن مشکلات کی شکار ہے۔ اگر بروقت اقدامات نہ کئے تو پاکستان خدانخواستہ تباہی کی طرف جائے گا۔ اس موقع پر وحید الدین چوہدری نے سابق وزیراعظم عمران خان کا شکریہ ادا کیا کہ انہوں نے ملاقات کی دعوت دی اور گجرات کی انڈسٹری اسٹیٹ 2 کے حوالے سے آگاہ کیا اور ان کا شکریہ ادا کیا کہ ان کی خصوصی مہربانی سے آج الحمدللہ کام شروع ہو چکا ہے۔ انہوں نے وزیر اعلیٰ پنجاب چوہدری پرویز الٰہی اور چوہدری مونس الٰہی کو گجرات سمیت پورے پنجاب میں تاریخی ڈویلپمنٹ پر خراج تحسین پیش کی۔ اس موقع پر عمران خان نے یقین دلایا کہ آئندہ الیکشن میں ہم بزنس کمیونٹی سے تعلق رکھنے والے دوستوں کو ضرورموقع دیں گے۔ اس موقع پر سابق صدر گوجرانوالہ چیمبر آف کامرس عمراشرف مغل سابق صدرسیالکوٹ قیصر اقبال، سابق صدر فیصل آباد حافظ احتشام الحق، سابق وزیراعظم عمران خان کے ساتھ شاہ محمود قریشی، چوہدری فواد حسین، حماد اظہر اور دیگر رہنما بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن