پنجاب جاب پورٹل پر 140 محکموں کی اسامیوں کیلئے ساڑھے 10 لاکھ درخواستیں
لاہور ( نیوز رپورٹر)پنجاب انفارمیشن ٹیکنالوجی بورڈ کے حکومت پنجاب کیلئے وضع کردہ پنجاب جاب پورٹل پر 140 رجسٹرڈ سرکاری محکموں کی خالی آسامیوں کے لئے پورٹل کے آغاز سے اب تک ساڑھے 10 لاکھ آن لائن درخواستیں موصول ہو چکی ہیں جبکہ 2 لاکھ 50 ہزار افراد اپنی پروفائل بنا چکے ہیں۔ یہ بات چیئرمین پی آئی ٹی بی سید بلال حیدر کی زیرِ صدارت اجلاس میں بتائی گئی۔ اجلاس میں ڈائریکٹر جنرل فیصل یوسف اور دیگر شریک ہوئے۔ چیئرمین سید بلال حیدر نے کہا کہ شہریوں کو جاب پورٹل سے زیادہ سے زیادہ فائدہ اٹھانا چاہیے، حکومت پنجاب کے سرکاری محکموں کی خالی آسامیوں پر درخواست دینے کیلئے دفاتر کے چکر لگانے کی ضرورت نہیں۔