• news

 5       فٹبالرز حادثے میں بال بال بچ گئے 


لاہور(سپورٹس رپورٹر)فٹبال ورلڈ کپ کی جیت کا جشن منانے میں مصروف ارجنٹائن کے کپتان لائیونل میسی سمیت 5 کھلاڑی حادثے سے بال بال بچ گئے۔ورلڈ کپ کی فاتح ٹیم ارجنٹائن کے کھلاڑیوں کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کیا گیا۔اس موقع پر بس کے اوپر ورلڈ کپ ٹرافی تھامے لائیونل میسی اور دیگر کھلاڑی بجلی کے تار سے بال بال ٹکراتے ہوئے بچے۔ لیونل میسی کو بعدازاں اس واقعے پر ہنستے ہوئے دیکھا گیا۔کھلاڑیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے ریسکیو کیا گیا ۔ 
 پریڈ بس کے چاروں اطراف دور دور تک شائقین ارجنٹائن کے جھنڈے لہراتے اور ٹیم کے ہمراہ جیت کا جشن مناتے ہوئے نظر آئے۔غیر بیونس آئرس میں کھلاڑیوں کے تاریخی استقبال کیلئے لاکھوں افراد سڑکوں پر نکلے جس کے باعث شہر جام ہو کر رہ گیا۔تقریب کے دوران کھلاڑیوں کی پریڈ بس پر مداحوں نے کودنے کی کوشش کی جس کے باعث سکیورٹی خدشات پیدا ہو گئے تھے۔ شہریوں کی اتنی بڑی تعداد کے سڑکوں پر آنے کے باعث طے شدہ بس پریڈ کو منسوخ کر کے لائیونل میسی سمیت دیگر کھلاڑیوں کو ہیلی کاپٹر کے ذریعے بس سے نکالا گیا۔صدر کی ترجمان کے مطابق کھلاڑیوں نے جیت کے جشن سے متعلق تقریب کا راستہ ہیلی کاپٹرز کے ذریعے طے کیا کیونکہ سڑکوں پر اتنی بڑی تعداد میں لوگوں کے آنے کے باعث سفر ممکن نہیں تھا۔ شہر کے مختلف علاقوں میں کھلاڑیوں کی ایک جھلک دیکھنے کیلئے مداحوں کی بڑی تعداد موجود تھی۔ کھلاڑیوں کا وطن واپسی پر شاندار استقبال کرنے والوں کی تعداد تقریباً 40 لاکھ تھی۔

ای پیپر-دی نیشن