• news

شفاف الیکشن ہوئے تو پی ڈی ایم‘ پی پی ‘ پی ٹی آئی کا نشان مٹ جائے گا: سراج الحق


لاہور (خصوصی نامہ نگار) امیر جماعت اسلامی سراج الحق نے کہا ہے کہ پنجاب میں آئینی بحران تو سندھ میں سیلاب متاثرین دہائیاں دے رہے ہیں۔ خیبر پی کے کی سکیورٹی صورت حال بدتر، بلوچستان محرومیوں کا آتش فشاں بن چکا ہے۔ مگر پی ڈی ایم، پیپلز پارٹی اور پی ٹی آئی ٹرائیکا اپنے مفادات سے ایک قدم پیچھے ہٹنے کو تیار نہیں، عوام کی کسی کو پروا نہیں۔ حکمرانوں کی لوٹ مار اور بداخلاقیوں کی طویل داستانیں زبان زدعام ہیں۔ استعمار کے وفادار حکمران اپنی لابنگ کے لیے امریکا اور یورپ میں فرمز اور شخصیات ہائر کرتے ہیں، ملک کی تقدیر کے فیصلے کب تک واشنگٹن کے بند کمروں میں ہوتے رہیں گے؟ نام نہاد لیڈروں کا احتساب عوام ووٹ کی طاقت سے کرے۔ سویلین بالادستی قائم کرنا ہو گی، حقیقی احتساب اور شفاف الیکشن ہوئے تو ٹرائیکا کا نام و نشان تک مٹ جائے گا۔ ان خیالات کا اظہار انھوں نے منصورہ میں مختلف وفود سے ملاقات کے دوران کیا۔ امیر جماعت نے اس امر پر افسوس کا اظہار کیا کہ گوادر میں مظاہرین 35روز سے اپنے حقوق کے لیے دھرنا دیے بیٹھے ہیں،مگر ان کوئی شنوائی نہیں ہو رہی، حکمران بے حس ہو چکے ہیں۔سراج الحق نے کہا کہ بدنام اور مفاد پرست حکمرانوں کے خلاف عوام میں نفرت کا لاوا پک رہا ہے۔ حکمران اشرافیہ نے مل کر ملک کو مفلوج کیا اور مغرب کا ایجنڈا آگے بڑھایا۔ ایک طرف اسمبلیاں توڑنے کی باتیں ہو رہی ہیں تو دوسری جانب بڑے بڑے اعلانات بھی کیے جا رہے ہیں، عدم اعتماد کے نام پر ڈرامہ جاری ہے۔ امیر جماعت نے کہا کہ ملک کے مسائل کا واحد حل اسلامی نظام میں ہے، دین آئے گا تو امن اور ترقی آئے گی۔ قوم کو آزمائی ہوئی سیاسی جماعتوں سے چھٹکارہ حاصل کرنا ہو گا، ان کے لیے واحد آپشن جماعت اسلامی ہے۔ 
سراج الحق

ای پیپر-دی نیشن