• news

فلم پٹھان کا تنازعہ، شاہ رخ خان کو زندہ جلا دوں گا: انتہا پند ہندو اچاریہ 


نئی دہلی (نوائے وقت رپورٹ) بھارت کے سپر سٹار اداکار شاہ رخ خان کی نئی فلم ’پٹھان‘ ریلیز ہونے سے قبل ہی اس کے گانے ’بے شرم رنگ‘ کی وجہ سے تنازعات کا شکار ہے۔ بائیکاٹ کے ٹرینڈز اور انتہا پسندوں کی جانب سے شدید احتجاج کے بعد اب شاہ رخ خان کو زندہ جلانے کی دھمکیاں بھی دی جانے لگیں۔گانے میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے لباس پر بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) نے ہنگامہ کھڑا کردیا تھا جن کا دعویٰ ہے کہ ’گانے میں جس طرح سبز اور زعفرانی رنگ پہنا گیا ہے اس کے علاوہ گانے کے س±ر سمیت فلم کا ٹائٹل بھی نامناسب ہیں‘۔ فلم کے بائیکاٹ کے ٹرینڈز اور پابندی کے مطالبے کے بعد اب شاہ رخ خان کو ہندو پنڈت پرمہنس آچاریا کی جانب سے زندہ جلانے کی دھمکی بھی دے دی گئی ہے جس کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہو رہی ہے۔ ویڈیو میں پرمہنس آچاریا کو کہتے سنا جاسکتا ہے کہ ’بے شرم رنگ گانے میں زعفرانی رنگ کی توہین کی گئی ہے، ہمارے سناتن دھرم کے لوگ اس حوالے سے مسلسل احتجاج کر رہے ہیں، آج ہم نے شاہ رخ خان کا پوسٹر جلایا ہے، میں ڈھونڈ رہا ہوں اگر مجھے فلم جہادی شاہ رخ خان کہیں مل گیا تو میں اسے زندہ جلا دوں گا‘۔ انہوں نے مزید کہا کہ ’اگر کسی اور نے بھی شاہ رخ خان کو جلانے کی کوشش کی تو اس کا مقدمہ میں لڑوں گا‘۔ پرمہنس آچاریا نے لوگوں سے ’پٹھان‘ فلم کا بائیکاٹ کرنے کی اپیل کرتے ہوئے مزید کہا کہ ’اگر فلم کو تھیٹرز میں ریلیز کیا گیا تو تھیٹرز کو بھی آگ لگا دیں گے‘۔ دریں اثنا ممبئی پولیس کو ایک تحریری شکایت بھی موصول ہوئی ہے جس میں پٹھان فلم کے گانے ’بے شرم رنگ‘ میں دپیکا پڈوکون کے زعفرانی رنگ کے نامناسب لباس پر ایف آئی آر درج کرنے کا مطالبہ کیا گیا ہے۔ ساکیناکا پولیس سٹیشن کے ایک اہلکار نے بتایا کہ پٹھان فلم کے پروڈیوسر، ہدایت کار اور مرکزی اداکاروں کے خلاف ایک شکایت درج کرائی گئی ہے جس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہندو مذہب اور لوگوں کے مذہبی جذبات کو ٹھیس پہنچانے کے لیے جان بوجھ کر فلم میں زعفرانی رنگ کا استعمال کیا گیا ہے۔
شاہ رخ خان 

ای پیپر-دی نیشن