الیکشن کمشن، سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس جانچ پڑتال کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی
اسلام آباد (این این آئی)الیکشن کمیشن میں سیاسی جماعتوں کے اکائونٹس جانچ پڑتال کے معاملے پر سماعت 18جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔پاکستان تحریک انصاف کے عامر محمود کیانی کی دراخوست پر کیس کی سماعت ممبر نثار درانی کی سربراہی میں چار رکنی بنچ نے کی ۔پی ٹی آئی کے وکیل شاہ خاور الیکشن کمیشن میں پیش ہوئے اور کہا کہ اے این پی اور بی این پی کی جانب سے تا حال جواب نہیں آیا ۔ ممبر کمیشن نے کہاکہ کافی عرصے سے کیس زیر التوا ہے، یہ سیاسی کیس بنا ہے ۔ وکیل پی ٹی آئی نے کہاکہ ہم دلائل کے لیے تیار ہیں، اپ جوابدہ کو ایک اور موقع دے دیں۔ شاہ خاور نے کہاکہ کمیشن حکم دے دے کہ آئندہ جو سماعت پر پیش نہیں ہوا اسے دفاع کا حق بھی نہیں ہو گا ۔ ممبر کمیشن نے کہاکہ جوابدہ کو جواب جمع کرانے آخری موقع دیا جا رہا ہے، اگر جواب جمع نہیں کرایا تو ہم کاروائی آگے بڑھا دیں گے۔ ممبر کمیشن نے کہاکہ کمیشن تیار ہے ، التوا جوابدہ کی وجہ سے ہوا۔ بعد ازاں کیس کی سماعت 18 جنوری تک ملتوی کر دی گئی ۔