• news

پی ٹی آئی ارکان استعفوں کی تصدیق کیلئے دوبارہ طلب،ہر رکن کو سننا چاہتا ہوں:سپیکر قومی اسمبلی


اسلام آباد (نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے پاکستان تحریک انصاف کے ارکان کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لیے بلا لیا۔  شاہ محمود قریشی کے خط کے  جواب میں لکھے گئے خط میں سپیکر قومی اسمبلی راجہ پرویز اشرف نے خط میں کہا کہ شیڈول کے اندرکوئی رکن استعفے کی تصدیق کے لیے نہیں آیا۔ سپیکر قومی اسمبلی کا کہنا ہے کہ 11 اپریل کو جمع کرائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 23 مئی کو خط لکھا گیا تھا اور 6 سے 10 جون تک استعفوں کی تصدیق کی مہلت دی گئی تھی۔ سپیکر قومی اسمبلی نے پی ٹی آئی اراکین کو استعفوں کی دوبارہ تصدیق کے لیے مدعو کرتے ہوئے خط میں استعفوں کی تصدیق سے متعلق قواعد کا حوالہ  بھی دیا ہے۔ بعد ازاں قومی اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف قومی اسمبلی میں آکرکردار  ادا کرے۔ راجہ پرویز اشرف کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف کے استعفوں کی تصدیق کے لیے تمام ارکان کو خطوط لکھے تھے، قواعد یہ کہتے ہیں کہ  آپ نے اپنے ہاتھ سے استعفیٰ لکھنا ہے اور اس کی تصدیق کے لیے سپیکر کے سامنے پیش ہونا ہوتا ہے، شاہ محمود قریشی نے کہا ہم اکٹھے آنا چاہتے ہیں، اکٹھے ہوکر آنا سپیکرکے اطمینان کے لئے کافی نہیں ہے، اس سے ایک دوسرے پر  پریشر ہوگا۔ سپیکر کا کہنا تھا کہ استعفوں کی تصدیق کے لیے سب کو وقت دوں گا اور ہر رکن کو سننا بھی چاہوں گا۔ ترجمان قومی اسمبلی کے مطابق خط پی ٹی آئی کے نائب صدر شاہ محمود قریشی کو ارسال کر دیا گیا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ پی ٹی آئی کے اراکین قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے بلایا جائے گا، پی ٹی آئی کے ہر ممبر قومی اسمبلی کو ذاتی حیثیت میں اپنے استعفیٰ کی تصدیق کرنا ہو گی، پی ٹی آئی کے ممبران قومی اسمبلی کو استعفوں کی تصدیق کے لیے قومی اسمبلی کے طریق کار 2007  کے قواعد و ضوابط  کے ذیلی قاعد 43  کے پیراگراف (B) کے تحت بلایا جائے گا۔ سپیکر کو یہ اطمینان کرنا ہے کہ استعفیٰ رضاکارانہ اور اصل ہے، ممبر کے لیے ضروری ہے کہ وہ استعفیٰ کے اوپر تاریخ درج کرے، اگر استعفیٰ پر تاریخ درج نہیں تو استعفیٰ جمع کروانے کی تاریخ کو استعفیٰ کی تاریخ قرار دیا جائے گا۔ خط میں کہا گیا ہے کہ 11 اپریل کو جمع کروائے گئے استعفوں کی تصدیق کے لیے 30 مئی کو خط لکھا گیا، 6 سے 10 جون تک تصدیق کا وقت دیا گیا۔ ادھر تحریک انصاف استعفوں کی منظوری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ دریں اثنا ذرائع کا کہنا ہے کہ پی ٹی آئی ارکان آج سپیکر قومی اسمبلی کے سامنے پیش نہیں ہوں گے۔ تحریک انصاف استعفوں کی منظوری کے لیے سپریم کورٹ سے رجوع کرے گی۔ ذرائع کے مطابق سپریم کورٹ کی رائے کے بعد پی ٹی آئی کے مستعفی ارکان استعفوں کی تصدیق کے لیے پیش ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن