• news

کا بینہ نے 25ہزار اساتذہ بھرتی کرنے،عام آدمی کیلئے فری قانونی امداد منظوری دیدی:عمران لیڈر ،آواز پر لبیک کہیں گے:پرویز الہیٰ


لاہور (نوائے وقت رپورٹ) وزیراعلیٰ پرویز الٰہی کی زیر صدارت کابینہ کا اجلاس ہوا۔ پرویزالٰہی نے کہا کہ پنجاب حکومت عوام کی خدمت کے فریضے کو بخوبی سرانجام دے رہی ہے۔ ہم سب ایک ہیں اور ایک رہیں گے۔ عمران خان ہمارے لیڈر ہیں، ان کی آواز پر لبیک کہیں گے۔ پی ٹی آئی اور مسلم لیگ قائداعظم کا اتحاد مضبوط ہے، دراڑیں ڈالنے کی ہر کوشش پہلے کی طرح ناکام ہوگی۔ ہمارا اتحاد عوام کی خدمت کیلئے ہے۔ کوئی بھی سازش پنجاب کے عوام کی خدمت سے ہمیں روک نہیں سکتی۔ سازشیں کرنے والے منہ کی کھائیں گے۔ سکول ایجوکیشن میں 25ہزار اساتذہ بھرتی کرنے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ چودھری پرویزالٰہی نے کہا کہ سکولوں میں 25ہزار اساتذہ کی بھرتی کی درخواست ملالہ یوسف زئی نے ملاقات میں کی تھی۔ کابینہ نے عام آدمی کو انصاف کی فراہمی کے لئے بڑا اقدام کرتے ہوئے عام آدمی کو فری لیگل ایڈ فراہم کرنے کی منظوری دی اور اس ضمن میں پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل، 2022 کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ کم وسائل رکھنے والے افراد کو پنجاب حکومت فری لیگل ایڈ دے گی اور پنجاب پبلک ڈیفنڈر سروس بل کی منظوری سے ایک ہزار ملازمتوں کے نئے مواقع پیدا ہوں گے۔ کابینہ نے کاشتکاروں کے لئے سولر پمپس کی فراہمی کے پروگرام کا دائرہ کار صوبہ بھر میں بڑھانے کی منظوری دی۔ پنجاب کابینہ کے اجلاس میں کچی آبادیوں کے مکینوں کو مالکانہ حقوق دینے کے لئے نئی پالیسی مرتب کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔ وزیراعلیٰ نے سینئر ممبر بورڈ آف ریونیو کو جلد از جلد نئی پالیسی کو حتمی شکل دینے کی ہدایت کی۔ کابینہ نے 2 ارب روپے کا سپورٹس انڈوومنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ IRMNCH اور نیوٹریشن پروگرام پنجاب کی لیڈی ہیلتھ سپروائزرز کو خصوصی الاو¿نس دینے کی منظوری دی گئی۔ وزیراعلیٰ نے خصوصی الاو¿نس کو 5ہزار روپے تک بڑھانے کی منظوری دی۔ وزیراعلیٰ نے کہاکہ ایڈورٹائزمنٹ پالیسی کا شہبازشریف نے بیڑا غرق کیا۔ کابینہ نے سالانہ ترقیاتی پروگرام 2022-23 کے لیے اضافی وسائل کی فراہمی کی منظوری دی۔ پبلک سیکٹر یونیورسٹیز ایکٹ 2022میں ترامیم کی ‘ سرکاری کالجز میں گریڈ 19تک کے پرنسپل کے عہدے پر تقرری کااختیار محکمہ ہائر ایجوکیشن کو دینے ‘ لاہور میں 300ماحول دوست ہائبرڈ بسیں خریدنے‘ محمد ساجدکی قائم قام جنرل منیجر پنجاب پنشن فنڈ کے عہدے پر تقرری کی منظوری دی گئی۔ کابینہ نے مینجمنٹ کمیٹی کو جنرل منیجر پنجاب پنشن فنڈ کے عہدے پر مستقل بنیادوں پر تقرری کے لئے ریکروٹمنٹ کا عمل شروع کرنے کی اجازت دی۔ کمرشل اکاو¿نٹس میں موجود فنڈز کو استعمال میں لانے اور انوسٹمنٹ کی پالیسی اور کیش مینجمنٹ فنڈ کے قیام کی منظوری دے دی۔ سرگودھا میں چودھری انور علی چیمہ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی کے قیام اور سکیم کو سالانہ ترقیاتی پروگرام میں شامل کرنے کی منظوری دی۔ انسٹی ٹیوٹ آف کارڈیالوجی، بہاولپور میں علاج معالجہ کی سہولتوں کو بہتر بنانے کیلئے تھلیم سکین اور ضروری مشینری خریدنے کی منظوری دی گئی۔ بار ایسوسی ایشنز کے لئے 27کروڑ روپے کی گرانٹ کے اجراء کی منظوری دی۔ جناح پبلک سکول اینڈ کالج حافظ حیات، گجرات کے مین گیٹ سے ملحقہ اراضی کے حصول کے لیے129.49 ملین روپے کے فنڈز کے اجراءکی منظوری دے دی۔ انوائرمینٹل ٹربیونل رولز 2012 کے تحت پنجاب انوائرمینٹل ٹربیونل کے ممبر (جنرل) محمد عرفان کی مدت میں توسیع، رحیم یار خان میں مینگو ریسرچ سینٹر کے قیام کے لیے سرکاری اراضی کی نشاندہی اور منتقلی، پنجاب مائننگ کنسیشن رولز، 2002کے تحت معدنی ذخائر کے بہتر استعمال کے لیے لائم سٹون پالیسی اور راک سالٹ یونیفارم پالیسی 2022 اور پنجاب مائننگ کنسیشن رولز 2002 کی متعلقہ دفعات میں ترامیم کی منظوری دی گئی۔ محکمہ تعلقات عامہ کے افسروں اور ملازمین کے لئے خصوصی الاو¿نس کی اصولی منظوری دے دی۔ وزیراعلیٰ آفس میں کام کرنے والے سکیورٹی عملے کیلئے اعزازیہ کی منظوری بھی دی گئی۔ علاوہ ازیں پرویزالٰہی اور سابق وفاقی وزیر مونس الٰہی سے جھنگ سے تعلق رکھنے والے ارکان اسمبلی رائے تیمور بھٹی اور صاحبزادہ محبوب سلطان نے ملاقات کی۔ صوبائی وزیر راجہ بشارت بھی اس موقع پر موجود تھے۔ پرویزالٰہی نے منڈی شاہ جیونہ کو تحصیل کا درجہ دینے کا اعلان کیا۔
پرویزالٰہی

ای پیپر-دی نیشن