گورنر ہاﺅس کے باہر احتجاج جلد الیکشن نہ کرائے تو ملک ہاتھ سے نکل جائے گا:عمران
لاہور (نوائے وقت رپورٹ‘ لیڈی رپورٹر) گورنر ہاو¿س پنجاب کے سامنے پی ٹی آئی نے احتجاج کیا اور سابق وزیراعظم عمران خان نے مظاہرین سے بذریعہ ویڈیو لنک خطاب کیا۔ عمران خان نے کہا کہ 70 سال میں قوم کو اس طرح اندھیرے میں جاتے نہیں دیکھا، ہمارا ملک دلدل میں پھنستا جا رہا ہے، ملک میں جلدی الیکشن نہ کرائے گئے تو ملک سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ہماری جو حکومت گرائی گئی اس دور میں سب سے زیادہ گروتھ ریٹ تھا، اس حکومت کو ایک آدمی نے گرایا، میں سب اداروں سے بات کر رہا ہوں، اسٹیبلشمنٹ، عدلیہ سے بات کر رہا ہوں، یہ سب کی جنگ ہے سوائے ان لوگوں کے جن کے پیسے باہر پڑے ہیں۔ سابق وزیر اعظم نے کہا کہ ایک آدمی نے دشمنی کی ہے، قوم ایک ہی پیغام دے رہی تھی کہ چوروں کے ٹولے کو قبول نہیں کررہے، 70 فیصد پاکستانی کہتے ہیں مسائل کا حل صاف شفاف الیکشن ہیں۔ ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ اس پارٹی کو ختم کرنا ہے، ایک آدمی فیصلہ کر بیٹھا تھا کہ عمران خان کو ختم کرنا ہے، نااہل کرنا ہے۔عمران خان نے کہا کہ ہمیں ہٹاکر چوروں کو بٹھا دیا گیا ہم سے ایسے دشمنی کی گئی جیسے ہم غدار ہیں۔ چیئرمین تحریک انصاف نے کہا کہ آج فیکٹریاں بند ہورہی ہیں، مزدور بے روزگار ہورہے ہیں، ڈالر کم آرہے ہیں، قرضے بڑھتے جارہے ہیں، امید ختم ہوگئی ہے، ساڑھے 7 لاکھ پاکستانی ملک چھوڑ کر چلے گئے ہیں۔ عمران خان نے کہا ہے کہ پہلے کہتے تھے اسمبلیاں توڑیں ہم الیکشن کیلئے تیار ہیں، جب ہم نے اسمبلیوں کی تحلیل کا اعلان کیا تو ایک نہیں دو تحاریک آگئیں، اگر جلد انتخابات نہ کرائے گئے ملک تباہی کی طرف جائے گا اور معاملہ سب کے ہاتھ سے نکل جائے گا۔ عمران خان نے کہا کہ ایک شخص نے 8 ماہ پہلے پاکستان پر وہ ظلم کیا جو کوئی دشمن بھی نہیں کرسکتا۔ ہمارا قصور صرف یہ تھا کہ چوروں کے ٹولے کو ہم نے تسلیم نہیں کیا جبکہ قوم ہمارے ساتھ آکر کھڑی ہوگئی، اس سارے منظر اور حالات سے وہ آدمی بھی واقف تھا مگر اس کو کوئی فکر نہیں تھی۔ عمران خان نے کہا کہ اس ایک آدمی کے بارے میں ارشد شریف جانتا تھا، وہ آدمی مجھے نااہل کروانے پر بھی تلا ہوا ہے امریکی انخلا کے بعد ہم نے حالات کو کنٹرول کیا، مگرآج مالاکنڈ، وزیرستان اور بنوں تک دہشت گردی پھیل گئی ہے، ہماری خارجہ پالیسی پونے دو ارب روپے خرچ ہونے کے باوجود صفر ہے، وزیر خارجہ ابھی تک افغانستان نہیں گیا۔ انہوں نے کہا کہ ایک بار روٹی کپڑا اور مکان کیلئے عوام کھڑے ہوئے تھے اور اب وہ دوبارہ کھڑے ہوئے ہیں، جب تک ہم یہ جنگ نہیں لڑیں گے اور ملک میں انصاف و قانون قائم نہیں کریں گے تب تک کچھ نہیں ہوگا، ان کا کہنا تھا کہ پنجاب اسمبلی کو تحلیل کرنا ہمارا آئینی حق ہے مگر انہوں نے تماشا لگایا ہوا ہے۔ نواز شریف اور آصف زرداری الیکشن سے خوفزدہ ہیں کیونکہ انہیں معلوم ہے کہ قوم انتخابات میں مسترد کردے گی۔ جبکہ ملک کو دلدل سے نکالنے کا واحد راستہ صاف اور شفاف الیکشنز ہیں۔ دریں اثنا مسلم لیگ (ق) کے رہنما چودھری مونس الٰہی نے عمران خان سے ملاقات کی جس میں پنجاب اسمبلی اور سیاسی صورتحال پر تبادلہ خیال کیا گیا۔ دونوں رہنماﺅں نے آئندہ بھی ساتھ چلنے کے عزم کا اظہار کیا۔ لیڈی رپورٹر کے مطابق عمران خان نے کہا ہے کہ مصنوعی بحران پیدا کرنے والوں کی سازشیں عوام کے سامنے جلد ظاہر ہو جائیں گی، خواتین ارکان کو کسی صورت بلیک میلنگ اور پی ڈی ایم ٹولے کی سازشوں سے گھبرانے کی ضرورت نہیںہے۔ وہ گزشتہ روز زمان پارک میں پی ٹی آئی کی خواتین ارکان پنجاب اسمبلی سے گفتگو کررہے تھے۔ اس موقع پر ترجمان وزیراعلٰی و پنجاب حکومت مسرت جمشید چیمہ بھی موجود تھیں۔ ملاقات کے دوران چیئرمین نے خواتین اراکین اسمبلی کو غیر آئینی بحران پر اعتماد میں لیا۔ ممبران کی جانب سے ہارس ٹریڈنگ اور فون کالز کے سلسلے کی شکایات کی گئیں۔ مسرت چیمہ نے کہا کہ خواتین ارکان اسمبلی 5،5 ارب لے کر چھوٹی سرجری کے علاج کا ہسپتال بنوانا چاہتی ہیں تاکہ آئندہ ہارس ٹریڈر اور بھگوڑے ملک سے باہر علاج کیلئے نہ بھاگ سکیں۔ تحریک انصاف کی پارلیمانی پارٹی کا اجلاس ہوا۔ اجلاس میں 176 ارکان پنجاب اسمبلی نے شرکت کی۔ ایک خاتون رکن بیٹے کی بیماری کے باعث شرکت نہ کر سکی۔ پارلیمانی پارٹی نے عمران خان کی قیادت پر مکمل اعتماد کا اظہار کیا۔ پارلیمانی پارٹی نے چودھری پرویز الٰہی کی مکمل حمایت کی۔ تمام ارکان اسمبلی کو ایوان میں حاضری یقینی بنانے کی ہدایت کی گئی۔ ترجمان پنجاب حکومت نے کہا تمام ارکان اسمبلی آج کے سیشن میں حاضری یقینی بنائیں۔
عمران