• news

سی سی پی او لاہور کا دورہ گورنر ہاؤس ، سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا


لاہور(نامہ نگار)سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر نے گزشتہ روز گورنر ہاؤس کا دورہ کیا۔انہوں نے گورنر ہاؤس اور اس کے اطراف میں سکیورٹی انتظامات کا جائزہ لیا۔ڈی آئی آپریشنز افضال احمد کوثر، ایس ایس پی آپریشنز صہیب اشرف،ایس پی سکیورٹی دوست محمد،ایس پی سول لائنز اویس شفیق ،ایس پی اے آر ایف اور دیگر متعلقہ پولیس افسران اس موقع پر موجود تھے۔ایس پی سکیورٹی دوست محمد نے سی سی پی او لاہور غلام محمود ڈوگر کو گورنر ہاؤس کے سکیورٹی انتظامات بارے بریفنگ دی۔سی سی پی او لاہور نے پولیس افسران کو گورنر ہاؤس کی سکیورٹی مزید سخت کرنے کی ہدایت کی اورتعینات پولیس افسران اور اہلکاروں کو انتہائی الرٹ رہنے کا حکم دیا۔سربراہ لاہور پولیس نے ہدایت کی کہ ڈولفن سکواڈ،پیرو اور ایلیٹ فورس ٹیمیں گورنر ہاؤس اور اطراف میں موثر پٹرولنگ کریں۔دریں اثناء سی سی پی اولاہور غلام محمود ڈوگر نے کہا ہے کہ لاہور پولیس کرسچین کمیونٹی کے تعاون سے کرسمس تقریبات اورمسیحی برادری کا تحفظ یقینی بنائے گی۔ گرجا گھروں  کی  سکیورٹی انتظامات کو حتمی شکل دی جا رہی ہے۔ 
کرسمس کے موقع پر سکیورٹی کیلئے 6 ہزار سے زائد پولیس جوان تعینات کئے جائیں گے۔انہوں نے ہدایت کی کہ کرسمس اور قائد ڈے پر شہر کے داخلی و خارجی راستوں پر چیکنگ مزید سخت کر دی جائے اور سینئر پولیس افسران تمام حفاظتی انتظامات بار بار چیک کریں،تعینات عملے کو خود بریف کریں۔

ای پیپر-دی نیشن