• news

سرگودھا‘ گجرات‘ غازی آباد میں حد نگاہ صفر‘ سفر کرنے والوں کو پریشانی‘ اڈا گیارہ ایل پر کار نہر میں گر گئی‘ شاہ کوٹ‘ رکشہ کو ٹرک کی ٹکر


لاہور‘ فیروز والا (نامہ نگاران‘ این این آئی) پنجاب کے کئی شہروں بشمول سرگودھا‘ گجرات‘ غازی آباد‘ لاہور شہر اور گردونواح میں گزشتہ روز بھی دھند کے باعث سردی کی شدت میں اضافہ رہا جبکہ دن اور رات کو سڑکوں پر سناٹا معمول بن گیا ہے۔ حد نگاہ صفر ہوکر رہ گئی جس کے باعث لوگوں کو شدید مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ لیسکو بجلی فراہمی کا فرسودہ نظام دھند کا پہلاجھٹکا برداشت نہ کرسکا۔ بصیرپور اور چورستہ میانخاں میں بجلی کے شدید بریک ڈاﺅن نے نظام زندگی معطل کردیا۔ نمازیوںکی اکثریت فجر ادا کرنے سے محروم رہ گئی۔ صبح طالب علموں، ملازمین وکاروباری افراد کو تیاری اور ناشتہ کئے بغیر گھروں سے جانا پڑا۔ شدید دھند کی وجہ سے بورے والا روڈ اڈا گیارہ ایل پر ہنڈا سوک کار بے قابو ہو کر نہر میں جاگری۔ 4 افراد زخمی ہوگئے۔ لاہور سمیت پنجاب کے میدانی علاقے گزشتہ روز بھی شدید دھند کی لپیٹ میں رہے۔ جس کے باعث کئی مقامات پر موٹر ویز کو بند کر دیا گیا جبکہ دھند کی وجہ سے پی آئی اے نے لاہور ائیرپورٹ پر دن 11 بجے کے درمیان آپریٹ ہونے والی بین الاقوامی پروازوں کو اسلام آباد منتقل کردیا۔ حد نگاہ انتہائی کم ہونے سے مختلف ٹریفک حادثات میں متعدد افراد زخمی بھی ہوگئے۔ دوسری جانب شاہ کوٹ میں سانگلہ موڑ پر دھند کے باعث تیز رفتار رکشہ بس سے ٹکرا گیا۔ ریسکیو ذرائع کے مطابق رکشے میں سوار بچوں سمیت 6افراد زخمی ہوگئے، زخمیوں کو ٹی ایچ کیو ہسپتال منتقل کر دیا گیا۔ سردی بڑھ گئی۔ شدید دھند نے گجرات شہر اور گردونواح کو اپنی لپیٹ میں لے لیا۔ ڈرائیوروں کو شدید پریشانی کا سامنا رہا۔ دھند کے باعث سردی کی شدت میں بھی اضافہ ہو گیا اور سارا دن درجہ حرارت انتہائی کم رہا۔ رات گئے درجہ حرارت 4 ہو گیا، جی ٹی روڈ پر شدید دھند کے باعث ٹریفک حادثات میں مویشیوں کا تاجر شاہد علی جاں بحق جبکہ 10 افراد زخمی ہو گئے جن کو طبی امداد کیلئے ہسپتال داخل کرا دیا گیا۔ لاہور روڈ پر کوٹ عبدالمالک کے قریب تیر رفتارٹرک نے سڑک کے کنارے کھڑے تاجر سمیت 3 افراد کو کچل ڈالا‘ جی ٹی روڈ ریان (کالا شاہ کاکو) کے قریب شدید دھندکے باعث بس بے قابو ہو کر فٹ باتھ سے ٹکرا کر الٹ گئی جس کے نتیجے میں سات افراد زخمی ہوگئے جنہیں طبی امداد کے لئے ہسپتال منتقل کردیا گیا‘ پولیس نے رپورٹ درج کر لی۔
دھند حادثات

ای پیپر-دی نیشن