• news

وزیر توانائی نے نوشہرہ میں 500 ‘ کوٹ مومن 132 کے وی گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھا


اسلام آباد‘ سرگودھا (نامہ نگار+ نمائندہ خصوصی) وفاقی وزیر توانائی انجینئر خرم دستگیر خان نے 500 کے وی ایچ وی اے سی گرڈ سٹیشن نوشہرہ کا سنگِ بنیاد رکھ دیا ہے۔ گرڈ سٹیشن 4.3ارب روپے کی لاگت سے ورلڈ بنک کی مالی معاونت سے تیار کیا جا رہا ہے۔ اس موقع پر وفاقی وزیر نے کاسا 1000 پاور پراجیکٹ کے تحت ایچ وی ڈی سی کنورٹر سٹیشن پر تعمیراتی کام کی پیش رفت کا جائزہ بھی لیا، اس منصوبے کے تحت 1300 میگاواٹ سستی اور ماحول دوست بجلی کرغزستان، تاجکستان سے افغانستان کے راستے پاکستان درآمد کی جائے گی یہ کنورٹر سٹیشن205 ملین امریکی ڈالر کی تخمینہ لاگت سے تعمیر کیا جا رہا ہے جس کا74 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ منیجنگ ڈائریکٹر این ٹی ڈی سی نے بریفنگ دیتے ہوئے بتا یا کہ این ٹی ڈی سی طورخم بارڈر سے ازاخیل بالا کنورٹر سٹیشن تک 113کلومیٹر طویل، بائی پولر 500kV ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن تعمیر کر رہا ہے۔500 کے وی ایچ وی ڈی سی ٹرانسمیشن لائن کا67 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے۔ وفاقی وزیر برائے توانائی (پاور ڈویژن) انجینئر خرم دستگیر خان نے کہا کہ ہمارا مشن عوام کی خدمت اور انہیں بہتر مستقبل کی فراہمی ہے۔ وزیراعظم پاکستان میاں شہبازشریف کے ویژن کی روشنی میں دور دراز کے علاقوں کو قومی دھارے میں شامل کرنے کیلئے سہولیات عوام کی دہلیز پر پہنچانے کا سلسلہ جاری ہے۔ کوٹ مومن میں نئے 132 کے وی گرڈ سٹیشن کی تعمیر سے علاقے میں لو وولٹیج کا خاتمہ ہوگا اور بلاتعطل بجلی کی فراہمی یقینی ہو گی۔ صارفین کو کوالٹی سروس ملے گی اور نئے زرعی‘ تجارتی اور کمرشل کنکشنز کا اجراءتیزی سے ہو گا۔ گرڈ تقریباً ایک ارب کی لاگت سے آئندہ چھ ماہ میں تعمیر کیا جائے گا۔ وہ کوٹ مومن میں 132 کے وی کے نئے گرڈ سٹیشن کا سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب اور جلسہ عام سے خطاب کر رہے تھے۔ انہوں نے مزید کہا کہ حکومت مقامی ایندھن اور سستے ذرائع سے بجلی کے حصول کیلئے ہنگامی بنیادوں پر کام کر رہی ہے۔ حکومت نے بجلی کے نرخ بڑھانے کا نہ کوئی فیصلہ کیا ہے اور نہ ہی سوچا ہے۔ پہلے کوارٹر میں پاور سیکٹر کی ریکوری کم ہونے کی وجہ سیلاب کی تباہ کاری ہے۔ کوٹ مومن گرڈ کے سنگ بنیاد رکھنے کی تقریب سے سابق وزیرمملکت و رکن قومی اسمبلی حسن شاہنواز رانجھا اور فیسکو چیف بشیر احمد نے بھی خطاب کیا۔
گرڈ سٹیشن سنگ بنیاد

ای پیپر-دی نیشن